افغانستان میں امن و استحکام کے لئے یو این چارٹر کے مطابق اقدامات کئے جائیں علامہ ساجد نقوی

افغانستان میں امن و استحکام کے لئے یو این چارٹر کے مطابق اقدامات کئے جائیں علامہ ساجد نقوی

افغانستان میں مسلسل دہشتگردی کے واقعات تشویشناک، امن دشمن قوتیں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں، ساجد نقوی
مذموم مقاصد کی تکمیل کےلئے بےگناہ لوگوں کو شہید کرنیوالوں کے مقاصد کبھی پورے نہیں ہونگے، شہدائے قندھار کے لواحقین سے اظہار تعزیت، امن و استحکام کےلئے یو این چارٹر کے مطابق اقدامات کئے جائیں،قائد ملت جعفریہ پاکستان
اسلام آباد 17 اکتوبر 2021(جعفریہ پریس پاکستان ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے افغانستان میں پے درپے دہشتگردی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایک مرتبہ پھر خطے خصوصاً افغانستان میں آگ و خون کا کھیل کھیلنے کی سازش کی جارہی ہے مگر جو قوتیں بھی اپنے مذموم مقاصد کےلئے ایسے قبیح فعل کی مرتکب ہورہی ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہونگی، قائد ملت جعفریہ پاکستان کا شہداءکے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ ہمسائیہ ملک کے عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے قندھار میں نماز جمعہ کے دوران ہونیوالے دہشت گردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ انسانیت دشمن قوتیں ایک مرتبہ پھر اپنے مذموم مقاصد کےلئے بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنارہی ہیں اور خطے میں عدم استحکام کے ساتھ افغانستان میں کشیدگی بڑھا کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتی ہیںلیکن جو قوتیں ایسا گھناﺅنے فعل کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں ان انسانیت دشمن قوتوں کو کبھی کامیابی نہیں ہوگی۔ انہوںنے مزید کہاکہ حالیہ پے درپے ہونیوالے واقعات میں کسی قسم کا مسلکی یا فروعی اختلاف کا شاخسانہ نہیں بلکہ یہ کھلی دہشت گردی اور ہمسائیہ ملک کے امن و استحکام کو اپنے مذموم مقاصد کےلئے استعمال کرنے کی گھناﺅنی سازش ہے ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے شہداءکے خانوادوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم اپنے غمگین ہمسائیہ ملک کی قوم کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ افغانستان میں امن و استحکام سے پاکستان سمیت خطے میں امن و استحکام آئےگا اور اس حوالے سے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اقدامات اٹھاناضروری ہیں۔