امریکی انتخابات میں غیر متوقع تبدیلی کے اثرات پاکستان سمیت پوری دنیا پر پڑینگے، ساجد نقوی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کر کے تشکیل نو کی جائے ، قائد ملت جعفریہ پاکستان
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں ایک بڑی اور غیر متوقع تبدیلی رونما ہوئی جس کے اثرات پاکستان سمیت پو اسلام آباد پرپڑینگے،ہمیں اپنی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے خارجہ پالیسی کی از سرنوتشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی صدارتی انتخابات اور مسٹر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ امریکی صدارتی انتخابات میں مسٹر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی ایسی غیر متوقع تبدیلی ہے جو تمام تجزیوں، تبصروں ، رپورٹس اور توقعات کے برعکس ہے۔ اس غیر متوقع تبدیلی کے حوالے سے خدشات کا اظہا ر کیا جارہاہے اگر ڈونلڈٹرمپ کے بیانات پر طائرانہ نظر دوڑائی جائے تو امریکی پالیسیوں کی تبدیلی کے اشارے بھی ملتے ہیں ، اس ساری صورتحال میں جہاں پوری دنیا پر اس کے اثرات مرتب ہونگے وہیں ہمارا ملک بھی متاثر ہوسکتاہے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ اس بدلتے تناظر میں ٹھوس بنیادوں پر اپنی خارجہ پالیسی کو استوار کیا جائے جس سے اپنی آزادی اور استقلال برقرار رکھتے ہوئے اپنے اہداف خصوصاً مسئلہ کشمیر کے حل سمیت دیگر اہداف کے حصول میں آسانی ہوسکے ۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مقدمے کو صحیح معنوں اور مضبوط طریقے سے پیش کرنے کے لئے ضروری اقدامات کیے جانے چاہیں۔