جعفریہ پریس- قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی اپنے دورئے سندھ پر ضلع ٹنڈو الہیار پہنچ گئے۔ جعفریہ پریس کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ٹنڈو الہیار کے غیور مومنین اور علمائے کرام نے قبہ سعید پر والہانہ استقبال کیا ۔اس موقع پر شیعہ علماء کونسل ٹنڈو الہیارکے ضلعی صدر مولانا سید عزیزاللہ شاہ رضوی ، شیعہ علماء کونسل ٹنڈو الہیار کے ضلعی سیکریٹری جنرل مولانا غلام عباس جویا ، مولانا غلام اکبر حیدری ،مولانا سید ذوالفقار کاظمی ، مولانا عاشق حسین چانڈیو اور جعفریہ یوتھ کے صوبائی آرگنائزر برادرفرحان پتافی سمیت جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے عہدیداران اور مقامی اکابرین اور مومنین موجود تھے ۔رپورٹ کے مطابق اس کے بعد قائد ملت جعفریہ کو ایک استقبالیہ کاروان کی صورت میں ٹنڈو الہیار کے شہر میں راہب پاڑہ میں لایا گیا جہاں پر قائد ملت جعفریہ نے مسجد کا افتتاح کیا اور مسجد میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب فرماتے ہوئے تازہ ترین صورتحال اور ملک میں جاری مشکلات اور مسائل کے بارے میں شیعہ قوم کے موقف کو بیان کیا ۔
جعفریہ پریس کے رپورٹ کے مطابق اس کے بعد قائد ملت جعفریہ ایک عظیم الشان قافلے کی صورت میں چنبڑ شہر کی طرف روانہ ہوگئے ۔ چنبڑ میں کراچی ہوٹل کے مقام پر ہزاروں مومنین نے اپنے محبوب قائد کا تاریخی استقبال کیا ۔ جہاں پر اپنے محبوب قائد کو اپنے درمیان دیکھتے ہی غیور مومنین کی آنکھیں شوق دیدار سے اشکبار ہوگئیں ۔ رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ کو ایک تاریخی ریلی کی صورت میں غازی آباد المعروف بہ بیراہ پہنچایا گیا ، راستے میں مختلف مقامات پر اس سرزمین کے غیور مومنین نے اپنی قومی قیادت کا پر جوش استقبال کیا اور اس عظیم استقبالیہ قافلے کے ساتھ ہوگئے ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی غازی آباد میں پہنچنے کی خبر جب
غازی آباد کی فضا میں پہیل گئی تو مرد و زن ، بچے اور بوڑھے روڈ پر نکل آئے اور لبیک یا حسین (علیہ السلام) سے اپنے محبوب قائد اور مرشد کا استقبال کیا ۔ اس کے بعد قائد ملت جعفریہ نے ایک عوامی جلسے خطاب فرماتے ہوئے مومنین کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ فرمایا ۔
اس قافلے میں قائد محترم کے ساتھ شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کے صدر محترم علامہ باقر علی نجفی ، سکریٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی ،ضلعی صدر مولانا عزیز اللہ رضوی، ضلعی سیکریٹری جنرل مولانا غلام عباس جویا، حیدر آباد ڈویژن کے صدر مولانا غلام رضا سریوال ، علامہ عمران عباس کاظمی ،مولانا غلام اکبر حیدری ، مولانا کرم علی حیدری , مولانا غلام حسین ، مولانا اللہ بچایو ،مولانا معراج روحانی ،مولانا محمد امین لغاری سمیت دیگر مقامی علمائے کرام بھی موجود تھے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here