سید محمد دہلوی مرحوم برصغیر کے خطیب اعظم اور بلند پایہ عالم دین تھے ،قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی

سید محمد دہلویؒ برصغیر کے خطیب اعظم اور بے بدل قائد تھے، علامہ ساجد نقوی
ملک میں اتحاد و وحدت کے فروغ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ترویج کے لئے ہمہ وقت مشغول ہیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان
دور حاضر میں بھی پاکستان کے عوام بدترین دہشت گردی کا نشانہ بننے کے باوجود ملکی سلامتی اور قومی وحدت کی خاطر صبر و تحمل سے کام لے رہے ہیں
راولپنڈی20اگست2021( )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ وطن عزیز کی تشکیل و تعمیر اور سا لمیت و دفاع میںتمام مکاتب فکر نے علماءو اکابرین کی قیادت میں صبر آزما جدوجہد اور لازوال قربانیاں پیش کیں جن میں علامہ سید محمد دہلویؒ مرحوم کی جدوجہد اور کاوشیں نمایاں حیثیت کی حامل ہیں یہی وجہ ہے کہ آج بھی ان کی گرانقدر خدمات ناقابل فراموش ہیں۔دور حاضر میں بھی پاکستان کے عوام بدترین دہشت گردی کا نشانہ بننے کے باوجود ملکی سلامتی اور قومی وحدت کی خاطر صبر و تحمل سے کام لے رہے ہیںمگر حکمران صورتحال کی سنگینی کو نظر انداز کر رہے ہیں۔قائد اول علامہ سید محمد دہلویؒ کی برسی کے موقع پرعلامہ ساجد نقوی نے کہا کہ سید محمد دہلوی مرحوم برصغیر کے خطیب اعظم اور بلند پایہ عالم دین اور بے بدل قائد تھے جنہوں نے پرامن اور قانونی طرز احتجاج کی داغ بیل ڈالی اور اپنے مطالبات کو منطقی انداز میں پیش کیا اور پیرانہ سالی کے باوجود ملت کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ اس مشکل دور میں کم وسائل کے باوجود مسلسل اور انتھک محنت سے قوم کو شعور اور اتحاد کی نعمت کا احساس دلایا۔علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ علامہ سید محمد دہلوی ؒ، علامہ مفتی جعفر حسین ؒاور علامہ عارف الحسینی شہید ؒ کی قیادت میں جو ملی و قومی حقوق کے دفاع اور تحفظ کی خاطر جو کارواں چلا تھا وہ آج بھی رواں دواں ہے اور ہم بے شمار مسائل و مشکلات کے باوجود نہ صرف ملی و قومی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے بلکہ ملک میں اتحاد و وحدت کے فروغ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ترویج کے لئے ہمہ وقت مشغول ہیں۔