عزاداری کے خلاف کریک ڈاؤن ! جلوس دھرنوں میں بدل دینگےشیعہ علماء کونسل پاکستان

آپ کی آمد پر تہہ دل سے مشکورہیں کہ آپ قیمتی وقت نکال کر ہماری گزارشات سننے یہاں تشریف لائے ۔آپ کو یہاں زحمت دینے کا مقصد محرم الحرام کے حوالے سے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ا داروں کی جانب سے غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کی نشاندہی کرنا ہے ۔
قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجدعلی نقوی کی جانب سے مرکزی سطح پرمحرالحرام کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پاکستان بھرمیں عزاداری کے مسائل ومشکلات پر مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہے اس کے ساتھ ساتھ مرکزمیں عزاداری مانیٹرنگ سیل قائم ہے جوچوبیس گھنٹے کام کررہاہے۔
محترم صحافی حضرات….!
آئین پاکستان کے آرٹیکل20کے مطابق تمام مکاتب فکر کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے اپنے عقائدکے مطابق آزادی کےساتھ عبادات اور رسومات ادا کریں۔جبکہ اعلیٰ عدلیہ کے متعدد فیصلے ہیں کہ کوئی ایگزیکٹوآرڈریا SOP عوام کے بنیادی حقوق کوغصب کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
صحافیان محترم !
2اگست2021ءکو صدر، وزیراعظم ،وفاقی وزیر داخلہ،وفاقی سیکرٹری داخلہ،کوآرڈینیٹر نیکٹا،صوبائی گورنرز،وزراءاعلیٰ،چیف سیکرٹریز،ہوم سیکرٹریز،آئی جیز پولیس کو امن و امان کے قیام ،ذمہ دارعلماءکرام کی اضلاع میں داخلہ و زبان بندی، مجالس اور جلوس ہائے عزا پر بے جاپابندیوں
،رکاوٹوں،محدودیت،طلبی ضمانتی بانڈز اور NOCکی شرائط جیسے اقدامات سے گریزاور چاردیواری کے اندر روایتی مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے اور گذشتہ سالوں میں جھوٹی و بلا جواز FIRsاور فورتھ شیڈول میں ڈالے گئے افراد کے ناموں کے اخراج کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و متعلقہ اداروںکو پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا پرفلسفہ شہادت نواسہ رسول اکرم حضرت امام حسینؑ اور اُن کے آل ؑو اصحاب عظیم قربانی کے اعلیٰ و ارفع مقاصد سے آگاہی کےلئے خصوصی پروگرامز نشر اور ٹیلی کاسٹ کے خطوط بھی ارسال کیے گئے تھے۔ تاحال کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
صحافیان محترم !
وطن عزیز میں متعدد تقریبات ،جلوس اور ریلیاں منعقد ہو رہی ہیں مجالس حضرت امام حسین ؑ وجلوس ہائے عزا میں رکاوٹیں ڈالنا ایک خاص ذہنیت کی عکاسی ہے ۔ملک بھربالخصوص پنجاب میں انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے اختیارات سے تجاوز ، غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات اور اعلیٰ عدلیہ کے واضح احکامات کی خلاف ورزی، ذمہ دار علماءکرام کی اضلاع میں داخلہ و زبان بندی ،جھوٹی وبوگس رپورٹس کو بنیادبنا کربانیان مجالس و جلوس عزاسے زبردستی ضمانتی بانڈزکی طلبی، برسوں سے جاری روایتی پروگرامز کو محدود یا ختم کرنے، اندر چاردیواری مجالس عزاکے انعقادپر دھونس دھاندلی ،دھمکی اور توہین و تضحیک آمیز رویے کے ساتھ ساتھ فورتھ شیڈول میں ڈالنے ،گرفتاریاں اورنظر بندیاں بھی کی جا رہی ہیں جو بلا جواز اورتوہین آمیز ہیں ۔پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا میں سالہا سال سے جاری روایات کے برعکس ایسا کیا جار ہا ہے ۔ان اقدامات کی وجہ سے ملک بھر میں شدیدغم و غصہ، اشتعال و اضطراب اور تشویش پائی جاتی ہے۔
صحافیان محترم !
آپکی وساطت سے حکمرانوں اورسرکاری اہلکاروں کو پیغام دینا چاہتے ہیںکہ قائداعظم کے وژن کے مطابق جن مقاصدکومدنظر رکھتے ہوئے 14اگست 1947کوپاکستان معرض وجودمیں لایاگیاتھا مذکورہ زیادتیاں ان مقاصدکے سراسرخلاف اورمتصادم ہیں۔ ملک کے پرامن حالات کو خراب کرنے کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے حکمران، تکفیری مائنڈ سیٹ اہلکاران کو تکفیری ایجنڈے پر عمل درآمد کرانے سے باز رکھیں اورایسے لوگوںکی حوصلہ شکنی کریں اورچھپے تکفیری مائنڈ سیٹ اہلکاران کی جگہ آئین و قانون کی پاسداری کرنے والے ذمہ دار اہلکاران کو تعینات کیا جائے تاکہ کسی غلط رپورٹنگ کے نتیجہ میں ملک کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنے سے بچایا جاسکے۔ یہ بات روز اول کی طرح اظہر من الشمس ہے کہ عزاداری سید الشہداؑکے فروغ کےلئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر13اگست2021ءکو وفاقی وزیرداخلہ اور صوبائی وزیراعلیٰ پنجاب کوفوری ملاقات کے لئے خطوط ارسال کیے تھے تاحال ان کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہواجو باعث تشویش ہے۔
آخر میں اعلان کرتے ہیں کہ غیرآئینی و غیرقانونی ہتھکنڈوں سے عوام کو دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے۔یہ اقدامات ایک مکتب فکر کے ساتھ کھلی زیادتی وننگی ۔۔۔اور عزاداری کیخلاف کریک ڈاﺅن ہے ۔پہلے مرحلے میں کرونا ایس او پیز کے تحت ملک بھر میں ہر مجلس اور جلوس میں انتظامیہ اور پولیس کے خلا ف قرار دادیں پاس کی جائیں گی اور عوام کو عزاداری کیخلاف ہونے والی سازش سے آگاہ کیاجائے گا۔اگرحکومت نے صورتحال میں بہتری نہ لائی، غیرآئینی و غیر قانونی اقدامات کا یہ سلسلہ جاری رکھا اورعزاداری کےخلاف حکومتی کریک ڈاﺅن نہ رکا تو جلوس ہائے عزا کو دھرنوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہ سکتے ہیں جیل بھروتحریک پر مجبور نہ کیا جائے۔


والسلام
عارف حسین واحدی
سربراہ مرکزی محرم الحرام کمیٹی
شیعہ علماءکونسل پاکستان
16 اگست2021

شرکا
سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ ،سیکر ٹری مرکزی محرم الحرام کمیٹی
علامہ فرحت عباس جوادی،کوآرڈینیٹرمرکزی محرم الحرام کمیٹی
علامہ سید جعفرحسین نقوی،صوبائی جنرل سیکرٹری SUCشمالی پنجاب
علامہ کوثر عباس حیدری قمی ،ضلعی صدر SUC راولپنڈی
نیئر اقبال بلوچ،ضلعی صدر SUC اسلام آباد
علامہ سید وزیر حسین کاظمی،ضلعی سینئر نائب صدر SUC اسلام آباد
سید نزاکت حسین نقوی،ضلعی جنرل سیکرٹریSUCراولپنڈی