سب سے پہلے تمام صحافی حضرات کاشکر گزار ہوں کہ آپ یہاں تشریف لائے، ہم امید کرتے ہیں کہ آپ ہماری گزارشات عوام تک پہنچا کرشکریہ کا موقع دیں گے۔
جیسا کے آپ جانتے ہیں پاکستان اور اسلام دشمن عناصر نے ملکی سا لمیت اور اتحاد و وحدت پر کاری ضرب لگاتے ہوئے پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ پارہ چنار کی عوام پر خود کْش حملے کر کے 100سے زائد روزہ داروں کوشہید کر دیا۔ دہشتگردی کاشکار عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے انہی نہتے اور مظلوم عوام پر فائر کھول دئیے گئے جس کی زد میں آکر بھی دس افراد شہید ہوئے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
جہاں پارہ چنار کے واقعے نے پوری پاکستانی قوم کو افسردہ کیا ہے وہیں احمد پور شرقیہ کے دلخراش سانحے، کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات نے بھی قوم کو غم میں مبتلا کر رکھا ہے جسکے باعث قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر ملک بھر میں عید الفطر سادگی سے منائی گئی جسکے لیے ہم اہل وطن کے ممنون ہیں ۔
صحافیانِ محترم پارہ چنار میں دہشت گردی کا شکار عوام گذشتہ چھ روز سے اس دہشگردی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں مگر ہمیں افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ حکومت کی جانب سے اْنکے مطالبات تو درکنار اْنکے غم میں شریک ہو کر اْنکی دلجوئی تک نہ کی گئی۔ لیکن قوم جانتی ہے کہ دہشت گردی سے بے گناہ جانوں کا ضیاع ایک دلخراش سانحہ ہے وفاقی اور صوبائی حکومت کی خاموشی نے عوام میں مایوسی پھیلائی ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے وزیر اعظم کو وہاں جا کر دکھی عوام کے دکھ در میں شریک ہونا چاہیے تھا اور ملک کے دیگر علاقوں سے بڑھ کر امدادی پیکج کا اعلان کرنا چاہیے تھا کیوں کہ پارہ چنار کے لوگ ہمیشہ وطن دشمن دہشتگردوں کے مقابلے میں اپنے وطن عزیز کے قربانیاں دیتے آ رہے ہیں۔
ہم شیعہ علماء کونسل پاکستان اس بے حسی کے خلاف اور پارہ چنار کے مظلوم عوام کی حمایت میں قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر ملک بھر میں 30جون2017 بروز جمعہ ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہیں ،ہم مطالبہ کرتے ہیں بے حسی کی اس روش کو فوری ترک کرکے پارہ چنار کے عوام کے دکھوں کا مداوا کیا جائے اور دہشت گردی سے متاثرہ مظلوم عوام کے تمام مطالبات منظور کر کے انہیں مکمل تحفظ دیا جائے جوان کا بنیادی آئینی حق ہے اگر ہمارے مطالبات پر فوری عمل نہ کیا گیا تو ہم اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کا ایک اعلی سطحی وفد مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر کی سربراہی میں پارہ چنارپہنچ چکا ہے جو پارہ چنار کے مظلوم عوام کے غم میں شریک ہو کر اْن سے اظہار یکجہتی کرے گا اور اْنکے مطالبات کی منظوری کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here