ترک صدر دو روزہ دورے پرآج پاکستان آرہے ہیں
ترک صدر دو روزہ دورے پرآج پاکستان آرہے ہیں

ترک صدر رجب طیب اردووان دو روزہ دورے پر آج پاکستان آرہے ہیں،دورے کے دوران ترک صدرپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

پاک ترک دوستانہ تعلقات نئی بلندیوں کی طرف گامزن ہے، ترک صدر رجب طیب اردوان 13 اور 14 فروری کو پاکستان کا اہم دورہ کرینگے، اس موقع پر ترک کابینہ کے ارکان، اعلیٰ سرکاری حکام اور صف اول کی ترک کمپنیوں کے سربراہان بھی ہمراہ ہونگے ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق معزز مہمان کی پہلے وزیر اعظم عمران خان سے ون ٹو ون ملاقات ہوگی، پھر دونوں رہنما پاک ترک اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے چھٹے اجلاس کی مشترکہ صدارت کرینگے جس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے جائیں گے۔ کئی اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط متوقع ہیں جبکہ دونوں رہنما مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے ۔

ترک صدر کی پاکستانی ہم منصب ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات شیڈول کا حصہ ہے ۔ رجب طیب اردوان جمعہ 14 فروری کو طلب کیے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے جس کے بعد معزز مہمان اور وزیر اعظم عمران خان کا پاک ترک بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے خطاب ہوگا ۔

ترک صدر کی اہم ملاقاتوں میں دوطرفہ علاقائی اور عالمی امور کے ساتھ ساتھ اسلامو فوبیا سے نمٹنے، امت مسلمہ کے اتحاد اور امن استحکام و خوشحالی کے مشترکہ مقاصد پر بات ہوگی جبکہ سیاسی، معاشی اور سماجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا فروغ بھی ملاقاتوں کا محور ہوگا ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here