شہر قائد میںمبینہ زہریلی گیس کا واقعہ کیوں پیش آیا؟ اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں قائد ملت جعفریہ پاکستان
شہر قائد میںمبینہ زہریلی گیس کا واقعہ کیوں پیش آیا؟ اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں قائد ملت جعفریہ پاکستان

عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری، حکومت کا فرض ہے،  قائد ملت جعفریہ ساجد نقوی

شہر قائد میں مبینہ زہریلی گیس کا واقعہ کیوں پیش آیا؟انسانی جان کے تحفظ کےلئے پیشگی اقدامات کیوں نہ کئے گئے؟اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں، کوئٹہ اور ڈی آئی خان کے واقعات بھی انتہائی تشویشناک، ملک دشمن عناصر ایک مرتبہ پھر پاکستان کا امن تباہ کرنے کے درپے ہیں، ذمہ داران سنجیدہ اقدامات اٹھائیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان

 اسلام آباد19 فروری 2020ء (جعفریہ پریس) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری اور حکومت کا فرض ہے ، کراچی میں زہریلی گیس،کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق افراد پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہیں، ایک مرتبہ پھر ملک دشمن عناصر کا سراٹھانا انتہائی تشویشناک ہے، تمام واقعات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے کراچی زہریلی گیس کے واقعہ ، کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونیوالے دہشت گردی کے حملوں پر تشویش اور اظہار مذمت کرتے ہوئے کیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ کراچی تجارتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے۔ کیوں لوگوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کےلئے پیشگی اقدامات نہ کئے گئے۔ ماحول دوستی کو یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری تھی کسی مبینہ زہریلی گیس کے ذریعے ایک درجن سے زائد افراد کا موت کے منہ میں چلاجانا جہاں انتہائی تشویشناک ہے وہیں تجارتی لحاظ سے بھی ایک بڑا نقصان کا موجب بن سکتاہے، اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرکے حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں یکے بعد دیگرے ہونیوالے دہشت گردی کے حملوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایک عرصہ بعد دوبارہ دہشت گردی کا سر اٹھانا انتہائی تشویشناک ہے، ایسے موقع پر جب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے تھے اس موقع پر دہشت گردی کا واقعہ ہونا انتہائی تشویشناک ہے ، ملک دشمن اور انسانیت دشمن عناصر ایک مرتبہ پھر سر اٹھارہے ہیں جو ملک میں امن کی فضا کو خراب کرنا چاہتے ہیں اس حوالے سے ذمہ داران کو مزید سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوںنے تمام سانحات میں پولیس اہلکاروں اور دیگر جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اظہار تعزیت بھی کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here