حضرت امام محمد تقی الجواد علیہ السلام کے یوم ولادت پر قائد ملت جعفریہ پاکستان کا پیغام
حضرت امام محمد تقی الجواد علیہ السلام کے یوم ولادت پر قائد ملت جعفریہ پاکستان کا پیغام

حضرت امام محمد تقی الجواد علیہ السلام کے یوم ولادت پر قائد ملت جعفریہ پاکستان کا پیغام

راولپنڈی/ اسلام آباد 6 مارچ 2020 ء(جعفریہ پریس )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے سلسلہ امامت کے نویں آفتاب حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر عالم اسلام کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آپ ؑ کو اپنے اجداد اور سابقہ آ ئمہ اطہار کے مشن اور تعلیمات کو اگرچہ مختصر عرصے کے لیے آگے بڑھانے کا موقع ملالیکن یہ مختصر عرصہ بھی تاریخ میں انمٹ نقوش رقم کر گیا اور ہر قسم کے سنگین حالات میں فریضہ امامت انتہائی ذمہ داری، حکمت عملی اور بصیرت کے ساتھ انجام دیا جس کے طفیل آج دنیا امامت کے فیوض و برکات سے گذشتہ کئی صدیوں سے فیض یاب ہورہی ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ حضرت امام محمد تقی الجواد علیہ السلام نے جہاں امت مسلمہ کو قرآن کے الہی احکامات ، رسول اکرم کی سیرت طیبہ او ر آئمہ اطہار کے فرامین مقدسہ کی طرف متوجہ رکھا وہاں ہر میدان اور ہر مرحلے میں وارث نبی ہونے کے ناطے امت کی رہنمائی فرمائی۔ یہ رہنمائی صرف اپنے حلقہءارادت تک نہیں بلکہ عام مسلمان سے لے کر اس وقت کے حکمرانوں تک سب کے لیے یکساں اور برابر تھی یہی وجہ ہے کہ آپ نے اپنے آباءکی طرح امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا نبوی فریضہ انجام دیااور اس راستے میں شدید مشکلات برداشت کیں۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ امام محمد تقی علیہ السلام نے امت مسلمہ کو تا قیامت رہبری و رہنمائی کا سامان بہم کرنے کے لیے جس انداز سے حکمت عملی ترتیب دی اور جس طرح حکمرانوں اور دین دشمن طبقات کی سازشوں کا مقابلہ فرمایا اس کی مثال نہیں ملتی ۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ حضرت امام محمد تقی ؑ کی سیرت اقدس کا مطالعہ کرکے اس پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کی جدوجہد کریں تاکہ قیامت تک مکمل استقامت اور واضح اور روشن راستے کے ذریعے عمل کیا جا سکے اور آخرت کی فلاح حاصل کی جا سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here