شہید علامہ حسن ترابی نے صوبہ سندھ میں بے پناہ خدمات انجام دیں، قائد ملت جعفریہ
شہید علامہ حسن ترابی نے صوبہ سندھ میں بے پناہ خدمات انجام دیں، قائد ملت جعفریہ

ملک میں اتحاد و وحدت کیلئے ہماری جدوجہد جاری ہے، علامہ ساجد نقوی
شہید علامہ حسن ترابی نے صوبہ سندھ میں بے پناہ خدمات انجام دیں اور وحدت و اخوت کے پیغام کو پھیلانے میں شب و روز جدوجہد کی،قائد ملت جعفریہ
اس ملک میں بلکہ برصغیر کی تاریخ میں متحدہ مجلس عمل پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان جیسے منفرد اور معتبر فورم کی تاسیس میں بنیادی کردار ادا کیا۔
راولپنڈی /اسلام آباد13جولائی 2020ء (جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں اتحاد و وحدت کی بنیاد، اخوت و یگانگت کے فروغ اور داخلی سلامتی و استحکام کیلئے ہماری جدوجہد تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور اس راستے میں قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا گیا۔ اسی تناظر میں علامہ حسن ترابی نے متواتر اور مسلسل جدوجہد جاری رکھی اور اعلیٰ و ارفع اہداف کے حصول کی خاطر اور نیک و پاکیزہ مشن کی تکمیل کرتے ہوئے اس راہ میں درجہ شہادت پر فائز ہوگئے۔ شہید علامہ حسن ترابی کی 14ویں برسی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ قرآنی و نبوی تصور کے مطابق امت مسلمہ در حقیقت امت واحدہ ہے۔ اس تصور کو اجاگر کرتے ہوئے ہم نے امت مسلمہ کی وحدت کو ایک تنظیم اور نظم کی صورت دے کر اس ملک میں بلکہ برصغیر کی تاریخ میں متحدہ مجلس عمل پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان جیسے منفرد اور معتبر فورم کی تاسیس میں بنیادی کردار ادا کیا۔ جس کے اثرات ملک کے گلی کوچوں تک پہنچے جس کے نتیجے میں نہ صرف اسلامیان پاکستان بلکہ عالم اسلام کسی نہ کسی حوالے سے استفادہ کررہا ہے۔ اس فور م کے ذریعہ خاص طور پر صوبہ سندھ میں شہید علامہ حسن ترابی نے بے پناہ خدمات سرانجام دیں اور وحدت و اخوت کے پیغام کو پھیلانے میں شب و روز جدوجہد کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید کی ملی خدمات، ان کے مشن ،حدف اور مقصد کو آگے بڑھانے ،ان کی یاد منانے اور حقیقی معنوں میں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لازم و ناگزیر ہے ان کے مثبت کردار کو مشعل راہ بنایا جائے ۔ برسی کے اس موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان نے شہید علامہ حسن ترابی کے خانوادے کی دلجوئی کرتے ہوئے شہید حسن ترابی اور شہدائے ملت کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کے استحکام و سلامتی کی خصوصی دعا کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here