آج اسلامی دنیا کو باہمی اختلافات دور کرنے کے لئے ماضی سے کہیں زیادہ ثقافتی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعہ کو تہران میں شروع ہونے والی ستائیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے دشمن دو مذموم مقاصد حاصل کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں۔ ان میں سے ایک مقصد اسلام فوبیا ہے اور دوسرا ملت اسلامیہ میں تفرقہ ڈالنا اوراس ملت کے درمیان موجود اختلافات کو گہرا کرنا ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ جو گروہ اسلامی تہذیب، اس کی حقیقت اور اسلام کے اخلاقی پہلوؤں سے آگاہ نہیں ہیں، وہ اسلام اور جہاد کے نام پر اسلام کی غلط تصویر دنیا والوں کے سامنے پیش کرتے اور مسلمانوں کے درمیان فاصلے بڑھاتے ہیں۔ ایرانی صدر نے کہا کہ اسلام کے دشمن چاہتے تھے کہ خطے میں ایک نئی جنگ شروع کروا دیں اور اس مقصد کے لئے انہوں نے رائے عامہ اور راستہ بھی ہموار کر لیا تھا۔ لیکن اسلامی جمہوری ایران نے شام اور روس سمیت خطے کے بعض دیگر ممالک اور خطے سے باہر کی بعض طاقتوں کے تعاون کے ساتھ یہ جنگ نہیں ہونے دی۔