اسلامی تحریک پاکستان ،گلگت بلتستان کونسل کے تمام نو منتخب ممبران کو مبارکباد پیش کرتی ہے اور امید رکھتی ہے کہ جی بی تاریخ کے نازک موڑ پر کھڑا ہے ایسے میں ممبران کونسل کی ذمہ داریاں کہیں بڑھ جاتی ہیںآئینی حیثیت کا تعین، اقتصادی راہداری کی کامیابی اورسی پیک میں گلگت بلتستان کا معقول حصہ سمیت اہم ایشوز اور کونسل سے متعلق موضوعات میں استحکام پاکستان کے پیش نظر جی بی کی مکمل نمائندگی میں بھر پور کردار ادا کریں گے ۔
اسلامی تحریک کی گلگت بلتستان کونسل میں کامیابی کو اصولوں کی کامیابی قرار دیا جا سکتا ہے اور تحریک کا ملک میں اور جی بی میں مذہبی ہماہنگی اور احترام کی سیاست کے سبب آج اس مقام پر پہنچی کہ ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں نے بھی اعتماد کا اظہار کیا جو اسلامی تحریک کے مثبت کردار کی نشاندہی کرتا ہے ان خیالات کا اظہار شیخ مرزا علی نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا اور مزید کہا کہ اسلامی تحریک پاکستان نے ہمیشہ سے رواداری ،احترام اور مفاہمت کا کردار ادا کیا اور ہمیشہ سیاسی اصولوں پر کاربند رہی اور انتخابی عمل میں بھی جماعت کے منشور کے پیش نظر میدان میں اتری جس کا نتیجہ بھی مثبت رہا اور جی بی کونسل کے انتخابات کے موقع پر بھی الیکشن کے اصولوں اور قواعد کی پابند رہی جس کی وجہ سے مسلم لیگ نے بھی تعاون کی پیشکش کی اور پیپلز پارٹی نے بھی پیشکش کی جو اصولی سیاست کی فتح ہے .جمعیت علماء اسلام کے ممبر اسمبلی و اپوزیشن لیڈر کی جانب سے اسلامی تحریک پاکستان کے امید وار کی حمایت جی بی کے عوام کیلئے ایک مثبت پیغام ہے اور امید رکھی جاتی ہے کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی اور امیر جمعیت علماء اسلام پاکستان مولانا فضل الرحمن کا ملکی سطح پر اتحاد امت کے ثمرات گلگت بلتستان تک پہنچیں گے اور بین المسالک خوشگوار فضا قائم کرنے میں دونوں جماعتیں کلیدی کردار ادا کرینگیں۔