تازه خبریں

اسلام آباد میں انٹرنیشنل یونیورسٹی جامعہ المصطفٰی العالمیہ قم کے زیراہتمام “سیرت مصطفٰی” کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد ، قائد ملت جعفریہ پاکستان کی خصوصی شرکت اورخطاب

جعفریہ پریس – اسلام آباد میں انٹرنیشنل یونیورسٹی جامعہ المصطفٰی العالمیہ قم کے زیراہتمام  “سیرت مصطفٰی” کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں نمایندہ ولی فقیہ و قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے خصوصی شرکت اورخطاب کیا جبکہ انٹرنیشنل یونیورسٹی جامعہ المصطفٰی العالمیہ شعبہ تحقیق کے سربراہ ڈاکٹرعباسی سمیت دیگر پاکستان اورایران کے علمائے کرام، اسکالرز اورسیاسی و مذہبی رہنماؤں نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔  اس موقع پرمختلف محققین نےحضور اکرم حضرت محمد مصطفٰی ؐ کی شان اقدس میں مقالے پیش کئے گئے ۔
اپنے خطاب میں نمایندہ ولی فقیہ و قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ یورپی ممالک کی جانب سے حضور اکرم ؐ کی شان میں اہانت کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس طرح کی قبیح حرکت کرنیوالوں نے اپنی اخلاقی پستی اور اپنی ہی بدکرداری عیاں کی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کی حالت زار اور فرانس میں ہونیوالی گستاخی کے بعد مسلم دنیا کے ردعمل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک امت مسلمہ متحد نہیں ہوگی، اس وقت تک مسلمانوں کو ایسے حالات کا سامنا رہے گا، انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کو بھی اب خواب غفلت سے جاگنا ہوگا اور او آئی سی کو صحیح معنوں میں فعال کرنا ہوگا، جبکہ اس سلسلے میں حکومت پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک کو اقوام متحدہ میں بھی سخت احتجاج ریکارڈ کرانا چاہیے۔ حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ آج مسلم دنیا کے اکثریت ممالک میں امن نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ پاکستان کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں دہشت گردی کا بازار گرم ہے، کسی کی جان محفوظ نہیں۔ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے آخر میں کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ  ہر قسم کی دہشت گردی پر تما م دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی ہونی چاہیے تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی پید ا نہ ہوسکے – قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اگر بلا امتیاز مجرموں اور دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکا یا جاتا رہا تو ملک دہشت گردی کے ناسورسے جلد پاک ہو جائے گا اور وطن عزیز کے شہری امن وسکون کی زندگی گذار سکیں گے نیزملک ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن ہو جائے گا ۔۔
کانفرنس کے اختتام پر قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نےمقالہ نویسی کے بین الاقوامی مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں انعامات تقسیم کئے-