تازه خبریں

امام محمد باقرؑ کی شہادت قائد ملت جعفریہ پاکستان کا پیغام

امام محمد باقرؑ کی شہادت قائد ملت جعفریہ پاکستان کا پیغام

راولپنڈی/ اسلام آباد۔ 4جون2025 ء(  جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی امام پنجم حضرت امام محمد باقر ؑ کے یوم شہادت (7 ذی الحجہ ) کی مناسبت سے کہتے ہیں کہ امام محمد باقر ؑکی منفرد فضیلت یہ ہے کہ سلسلہ امامت میں وہ نجیب الطرفین امام ہیں جن کے والد بھی امام‘ نانا بھی امام ‘ دادا بھی امام اور فرزند بھی امام ہیں۔اسی طرح وہ واقعہ کربلا کے چشم دید گواہ بھی تھے ۔علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا ہے کہ پیغمبر اکرم نے اپنے صحابی حضرت جابر بن عبد اللہ انصاری کو فرمایا کہ ”تم میرے پانچویں جانشین کا دیدار کرو گے جس کا نام میرے نام پہ ہوگا اور وہ علوم کو شگافتہ کرے گا اس کو میرا سلام کہنا“
  علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا ہے کہ تخصصی انداز سے شاگردوں کی تربیت کی سوچ کے بانی امام محمد باقر ؑ ہیں جس کے ذریعہ آپ نے عالم انسانیت کیلئے دین اسلام کی ترویج و اشاعت کا بیڑا اٹھایا اور سینکڑوں کی تعداد میں شاگردان تیار کئے ‘ چنانچہ اس دور کے دیگر مذاہب کے بڑے بڑے علماءیہ کہتے دکھائی دیئے کہ ”جو بھی محمد باقر ؑ تعلیم دے وہ حق اور صحیح ہے“ اپنے فرزند اور امام جعفر صادق ؑ کوآپ کے پندو نصائح تاریخ کا ایک گرانقدر سرمایہ اور خزانہ ہیں‘ ایک موقع پر فرمایا کہ ”اے جعفر ؑ ! خالق کائنات نے ہم اولاد پیغمبر کو علم کے لئے چن لیا ہے جو علم ہمارے خاندان کی میراث ہے‘ اس علم کو امانت سمجھ کر انسانوں تک پہنچانا صدیوں تک انسان یہ جان لے کہ اس کی خلقت کا سبب کیا ہے؟“ آپ کی مسلسل اور پیہم جدوجہد رہتی دنیا تک کی انسانیت کی رشد و ہدایت کا سامان فراہم کرتی رہے گی
قائد ملت جعفریہ پاکستان کے مطابق حضرت امام محمد باقر ؑ نے اپنے پاکیزہ کردار کے ذریعہ اپنے جد امجد کے حقیقی وارث ہونے کا ثبوت فراہم کیا ۔ ائمہ اہل بیت ؑ کے اعلی و ارفع مشن اور پاکیزہ اہداف و مقاصد میں کوئی فرق نہ تھا بلکہ کاملاً یکسوئی پائی جاتی تھی البتہ ان مقاصد کے حصول کے راستے اپنے اپنے دور کے تقاضوں کے لحاظ سے مختلف تھے‘ کسی امام ؑ نے راہ صلح ‘ کسی نے قیام‘ کسی نے ثورہ الدموع و راہ دعا تو کسی نے مسند علم پر بیٹھ کر علوم و فنون کو شگافتہ کرکے باقر العلوم کے لقب کو اپنے ساتھ خاص کیا ہے۔ اسی طرح انحرافی گروہوں کے خلاف جہد مسلسل اور اپنے اصولوں پر ٹھوس اور دو ٹوک موقف امام محمد باقر ؑ کا خاصہ تھا چنانچہ اس راستے میں مشکلات و مصائب کی پروا کئے بغیر پیغام حق کو جاری رکھا۔