تازه خبریں

اگرحکومتی عہدیداران ملت تشیع کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے تو پھر ہم خود اقدام کریں گے ،موجودہ حالات میں پوری ملت آمادہ و تیار رہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان

جعفریہ پریس – مقصودو رند ڈسٹرکٹ سانگھڑ میں ہزاروں مومنین کے عظیم الشان اجتماع سے طالبان کے ساتھ حکومتی مذاکرات کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنے خطاب میں قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے فرمایا کہ وزیر اعظم ان لوگوں سے مذاکرات کر رہے ہیں جن کو خود انہوں نے قاتل اور دھشتگرد قرار دیا تھا ۔ مذاکرات کریں لیکن ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ جو بھی اقدام کرنا ہے آئین کے مطابق ہونے چاہئیں اس لئے یہ مذاکرات بھی آئین کے تحت ہونے چاہئے ۔

 قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مزید فرمایا کہ ہمیں ملت تشیع کی جان اور مال کا تحفظ چاہئے ۔ اگر تحفظ فراہم نہیں کر سکتے تو پھر ہم خود اقدام کریں گے ۔ انہوں نے فرمایا کہ موجودہ حالات میں پوری ملت آمادہ و تیار رہے ، اگر کوئی بھی تشیع کے خلاف اقدام ہوا تو فوری رد عمل کی ضرورت ہوگی ۔
حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے فرمایا کہ آئین پاکستان شہریوں کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے مگر وزیر اعظم اس ذمہ داری کو نبہانے میں ناکام رہیں ۔ بیگناہ عوام مارے گئے ، پولیو ورکر مارے گئے ، سیکیورٹی ادارے کے لاگ مارے گئے ، مجھے جہاں ملت تشیع کا خیال ہے وہاں پاکستان کے تمام مسلمانوں کا بھی خیال ہے مگر سب سے زیادہ ملت تشیع کے لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے فرمایا کہ میں ایک چپڑاسی سے لیکر صدر اور تمام ذمہ داران پر حجت تمام کرچکا ہوں ۔ اب میں آپ سے کہتا ہوں جس طرح مولا علی (علیہ السلام) نے فرمایا تھا کہ : ایسی قوم بنو جب بھی پکارا جائے تیار نظر آؤ ، آپ بھی آمادہ و تیار رہو ۔ ملت تشیع کو کہہ رہا ہوں کو موجودہ مذاکرات کے ماحول سے پریشان مت ہونا ، جس طرح پہلے ہم نے تشیع کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا ، ان شاء اللہ آئندہ بھی تمام سازشوں کا مقابلہ کریں گے ۔ راولپنڈی کے چہلم کے جلوس کے حوالے سے جو غبارے کی طرح سنگین ماحول بنایا گیا تھا ہم نے سنجیدہ اقدامات سے اس غبارے کے ہوا کو نکال کر پھینک ڈالا اورسب کو یہ پیغام پہنچایا کہ عزاداری سید الشہداء ہمارا آئینی حق ہے جس کے خلاف کسی قسم کی سازش کو نہ صرف برداشت نہیں کریں گے بلکہ اس کے خلاف موثر اقدام کریں گے ۔ اسی طرح ملک کی حالیہ صورتحال میں بھی وطن عزیزکے استحکام اور تشیع کے حقوق کا دفاع کریں گے ۔