جعفریہ پریس – اسلامی تحریک پاکستان کے صوبائی وزیر پانی و بجلی گلگت بلتستان دیدار علی نے راولپنڈی میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے معصوم و بیگناہ طلباء کی سانحہ راولپنڈی کی آڑ میں بلاجواز گرفتاریوں پر شدید غم و غصے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب صوبائی حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ یکطرفہ کاروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے اور بغیر شواہد کے سانحہ راولپنڈی کا سارا ملبہ گلگت بلتستان کے معصوم طلباء پر ڈالنے سے گریز کریں بصورت دیگر گلگت بلتستان بھر میں تشویش کی لہر دوڑ جائیگی اور مسلم لیگ نواز کے سیاسی مسقتبل کیلئے کوئی نیک شگون نہیں۔ صوبائی وزیر پانی و بجلی گلگت بلتستان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، گورنر جی بی پیر کرم علی شاہ سمیت وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر سے بھی خصوصی رابطہ کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے اور بغیر شواہد کے کسی بھی طالب علم کی گرفتاری کو چیلنج کیا جائیگا۔