جعفریہ پریس – جعفریہ یوتھ کے زیر اہتمام ملتان کے نواحی علاقے بستی کھوکھراں میں غریب ‘ نادار اور مستحق مریضوں کے لیے ایک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں سات سو سے زائد مریضوں کو مفت طبی معائنہ اور علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ اس کیمپ میں چار ماہر ڈاکٹروں ‘ ایک ماہر لیڈی ڈاکٹر اور پانچ سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرز کی مستعد ٹیم نے اپنی رضاکارانہ خدمات پیش کیں اور جعفریہ یوتھ ملتان ڈویژن اور ضلع ملتان کے ناظمین تجمل مہدی اور محمد تقی نے اپنے کارکنان کے ہمراہ کیمپ کے انتظامات نہایت احسن انداز میں انجام دئیے جبکہ جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی سید اظہار بخاری اور مرکزی ٹیم کے رکن سید خطیب الحسن ترمذی نے خصوصی نگرانی کی۔
کیمپ میں بلاتفریق مذہب و مسلک فقط انسانیت کی بنیاد پر تمام مریضوں کے معائنے اور علاج کا بندوبست کیا گیا جس سے مکتب تشیع کے ساتھ ساتھ قومی قیادت اور قومی جماعت کے وسیع النظر رویے کا اظہار ہوا اور معاشرے میں اخوت اور احساس کے فروغ کو تقویت ملی۔ اس موقع پر معززین علاقہ نے بھی کیمپ کے دورے کئے جن سے ملاقاتوں میں جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی سید اظہار بخاری نے کہا کہ جعفریہ یوتھ نے دور حاضر کے جوانوں کو مثبت سرگرمیوں اور انسانی خدمت کی طرف راغب کرنے کے لیے متعدد میدانوں میں کام شروع کیا ہے جو وقتاً فوقتاً ملک کے مختلف حصوں میں انجام دئیے جاتے ہیں ۔جعفریہ یوتھ نے جوانوں کو معاشرتی بے راہ رویوں سے ہٹا کر انسانیت کی خدمت کا مشن سونپا ہے جس پر جوان نہایت توجہ اور انہماک سے کاربند ہیں ۔ بزرگان کے تعاون و سرپرستی اور جوانوں کے جذبے کی وجہ سے ہم مذہبی خدمات کے ساتھ سماجی اور فلاحی خدمات ایک تسلسل کے ساتھ انجام دے رہے ہیں جسے مستقبل میں بھی حالات و وسائل کے مطابق جاری رکھا جائے گا اور ملک کے مختلف حصوں میں ان پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے جعفریہ یوتھ بستی کھوکھراں یونٹ کے کارکنان کی زحمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دن رات ایک کرکے ایک ایسا کیمپ منعقد کرایا جو جعفریہ یوتھ کی تاریخ میں ایک ریکارڈ کی حیثیت رکھتا ہے۔