جعفریہ پریس – سرزمین بلوچستان بالخصوص شہداء کی سرزمین کوئٹہ میں جعفریہ یوتھ کا تحرک پاکستان کے تشیع کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرے گا جس سے دہشت گردوں کے حوصلہ پست ہوں گے اور مکتب تشیع سے وابستہ عوام اور جماعتوں کا مورال بلند ہوگا کیونکہ جعفریہ یوتھ کے ذریعے جوانوں کی فعالیت دراصل ملت کی فعالیت کا دوسرا اور حقیقی نام ہے اس فعالیت کا تسلسل دینے کے لیے ضروری ہے کہ معاشرے کے جوان بالخصوص شیعہ علماء کونسل اور ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والی نئی نسل جعفریہ یوتھ کے فورم سے اپنی جدوجہد کا اظہار کرے۔ ان خیالات کا اظہار جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی سید اظہار بخاری نے ایک وفد کے ہمراہ بلوچستان کے تنظیمی دورے کے دوران کوئٹہ میں تنظیمی ذمہ داران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفد میں جعفریہ یوتھ سندھ کے ناظم عباس علی عسکری ‘ صوبائی معاون سہیل رضا صالحی‘ سید اختر رضوی بھی شامل تھے۔
شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے صوبائی دفتر میں صوبائی صدر علامہ محمد حسن مبلغ ‘ صوبائی جنرل سیکریٹری لیاقت علی ہزارہ اور صوبائی کابینہ کے دیگر اراکین کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید اظہار بخاری نے کہا کہ بلوچستان اور کوئٹہ کے مخصوص حالات کے سبب اور قومی مصلحت کے پیش نظر جعفریہ یوتھ کے کام میں تیزی نہیں لائی گئی اب جبکہ ماحول اور حالات اس حوالے سے سازگار نظر آئے تو ہم جعفریہ یوتھ کی فعالیت کے لیے سرگرم ہوچکے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ہمیں باہمی ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ قومی سطح پر جوانوں کو فعال اور منظم فورم فراہم کرسکیں۔
جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی نے جامعہ امام الصادق کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ اکبر حسین زاہدی اور جامعہ کے مدرسین و طلباء سے ملاقات کی۔ علامہ اکبر زاہدی کی صدارت میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں جعفریہ یوتھ کے تحرک اور فعالیت کے لیے عملی اقدام پر غور کیاگیا اور صوبائی کابینہ کے ساتھ ہونے والی مشاورت کی روشنی میں لائحہ عمل مرتب کیاگیا۔ اس اجلاس میں جعفریہ یوتھ کوئٹہ کے ذمہ داران سید زمان شاہ الحسینی ‘ سید سکندر آغا ‘ ولایت حسین ہزارہ سمیت متعدد رہنماؤں نے شرکت کی۔ دونوں اجلاسوں میں ہونے والے باہمی مشاورت کے نتیجے میں مرکزی ناظم اعلی نے صوبہ بلوچستان کے لیے ولایت حسین کو صوبائی ناظم مقرر کیا اور انہیں رمضان المبارک میں تنظیم سازی کا ہدف فراہم کیا۔
بعد ازاں مرکزی ناظم اعلی نے اپنے وفد کے ہمراہ علمدار روڈ پر واقع زینبیہ قبرستان میں شہداء کوئٹہ کے مزارات اور قبور پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی۔ اور ہزارہ ٹاؤن میں بھی شہداء کے مزارات اور قبور پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ ناظم اعلی نے ملٹری کمبائنڈ ہسپتال میں تحریک جعفریہ صوبہ بلوچستان کے سابق صدر اور بزرگ عالم دین علامہ یعقوب علی توسلی سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی ۔ اس کے علاوہ ہزارہ ٹاؤن میں امام حسین ؑ اسکاؤٹس اوپن گروپ کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا جس کی دعوت انہیں مرکزی چیئرمین اور وائس چیئرمین نے دی تھی۔ دورے کے دوران مرکزی ناظم اعلی نے گروپ کی فعالیت اور امور کا جائزہ لیا اور عزاداری و عزاداران کے حفاظت کے حوالے سے کی گئی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
پریس سیکریٹری