تازه خبریں

حالیہ دنوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات حکمرانوں کے لیے ریڈ سگنل ہیں جس کے بعد مذاکرات کے حقائق سے پردہ چاک ہونے والا ہے- سید اظہاربخاری

جعفریہ پریس- جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی سید اظہاربخاری نےکہا ہے کہ حالیہ دنوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات حکمرانوں کے لیے ریڈ سگنل ہیں جس کے بعد مذاکرات کے حقائق سے پردہ چاک ہونے والا ہے۔ انہوں نے سندھ کے مختلف ضلعی ناظمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان ہی ملک کوتسلیم کرنے یا نہ کرنے کا معیار ہے پاکستان میں رہنے والا جو شخص پاکستان کے آئین کو تسلیم کرتا ہے اسے پاکستان کے مسائل اور خامیوں کی طرف نشاندہی کرنے اور اصلاحی پہلووں پر بات کرنے کا حق ہے اور جو آئین کا منکر ہے اسے پاکستان کے کسی مسئلے میں رائے زنی کا اختیار نہیں بلکہ اس کے ساتھ آئین کی رو سے ہی سلوک کیا جانا چاہیے۔ سید اظہار بخاری نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اسلام اور پاکستان کے حق میں اعلی ترین مصلحتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین کی چھتری میں ہونے والے مذاکرات کی حمایت کی ہے تاکہ بعض منفی عناصر کو جمہوری اور سیاسی قوتوں کے ساتھ ساتھ عام پاکستانی شہری کے اذہان میں یہ منفی بات ڈالنے کا موقع نہ مل سکے کہ ہم امن و اصلاح کے عمل میں رکاوٹ بنتے ہیں اور پاکستان کے ترقی اور استحکام کے خلاف ہیں۔ حالانکہ ہم نے انہی قوتوں کے ہاتھوں جتنا نقصان اٹھایا ہے پاکستان کے کسی طبقے نے نہیں اٹھایا۔ جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی نے مزید کہا کہ مذاکرات کو کامیابی سے ہمکنار صرف ایک ہی صورت میں کیا جاسکتا ہے کہ ریاستی ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ اگر ریاستی اداروں نے یہی طے کرلیا ہے کہ مذاکرات کے کھیل کا تماشہ دیکھنا ہے تو پھر نتیجہ کچھ اور نکلے گا اور اگر ریاستی اداروں نے طے کرلیا ہے کہ دہشت گردی کی بیخ کنی کے لیے ہر قسم کے اقدام کا راستہ ہموا ر کرنا ہے تو انہیں کسی بھی صورت میں مزید تاخیر سے کام نہیں لینا چاہیے بلکہ پاکستان سے دہشت گردی اور دہشت گردوں کے ناسور کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فیصلے لے کر فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔