جعفریہ پریس – شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ آزاد میڈیا کسی بھی معاشرے کی آنکھ و کان اور محتسب کے امور انجام دیتاہے، حکومت صحافی برادری کے تحفظ کےلئے اقدامات اٹھائے، انتہائی پر خطر حالات میں صحافی برادری جرات مندی سے اپنے فرائض انجام دے رہی ہے ،ذمہ داری اور مثبت صحافت ملک کی تقدیر بد ل سکتی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”ورلڈ پریس فریڈم ڈے“ کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ ملک انتہائی نازک صورتحال سے دوچارہے اور امن و امان کی صورتحال انتہائی دگر گوں ہے ایسے حالات میں صحافتی خدمات انجام دینا غیر معمولی اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوںنے کہاکہ صحافت ملک کا چوتھا ستون ہے مگر افسوس کہ صحافیوں کے تحفظ کےلئے ابھی تک کوئی قابل ذکر اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا کسی بھی معاشرے کی کان اور آنکھ ہوتا ہے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ ملک کا مستقبل جمہوریت اور آزادی اظہار رائے سے وابستہ ہے ۔ انہوں نے ملک میں صحافیوں کو عدم تحفظ کے حوالے سے عالمی اداروں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کو اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا اور ایسے اقدامات اٹھانا ہونگے تاکہ صحافی اپنے پیشہ وارانہ امور بہتر طریقے سے انجام دے سکیں ۔ اس موقع پر انہوںنے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیں کیونکہ میڈیا معاشرے میں احتساب کے امور انجام دیتا ہے اگر صحافی برادری ذمہ داری کے ساتھ اپنے امور انجام دیں تو ملک کو کرپشن، لاقانونیت اور دہشت گردی سے چھٹکارا دلانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے اور ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے ۔