جعفریہ پریس – حکومت پنجاب نے ملت جعفریہ کی مرکزی قیادت سے رابطہ کیا اور پنڈی سمیت صوبہ بھر میں تمام تر جلوس چہلم سید الشھداء (ع) کے حوالے سے فول پروف سیکورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی – تفصیلات کے مطابق عاشور کے روز راولپنڈی فسادات کے بعد چہلم سید الشھداء (ع) کے جلوس روٹ کو تبدیل کرنے کیلئے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت تکفیری ٹولہ سرگرم عمل تھا اور اس سلسلے میں باقاعدہ منظم منصوبہ بندی کے تحت ملک بھر میں سازشیں بھی ہوتی رہیں-
قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی حکمت، تدبیر اور نہایت دور اندیشی سے اس سلسلے میں شب و روز مصروف عمل رہے – مختلف دینی مذہبی تنظیموں، اتحادی فورمز بالخصوص ملی یکجہتی کے رہنماؤں سے مسلسل مربوط رہے جبکہ حکومتی ذمہ داران کو بھی متوجہ کرتے رہے کہ عزاداری سید الشہدا ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے اس میں کسی قسم کی محدودیت یا تبدیلی ملت جعفریہ کے لئے غیر قابل برداشت ہوگی ، جلوس روٹ کی تبدیلی کے بجائے انتظامیہ قانون کا نفاذ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو لگام دے . قائد ملت جعفریہ نے انتظامیہ پر واضح کیا کہ اتحاد، وحدت اور وطن عزیز کی سالمیت کے لئے ہم نے بہت کچھ برداشت کیا اور قربانیاں دیں مگر عزاداری سید الشھداء (ع) پر کسی قسم کا سمجهوتہ نہیں کیا جاسکتا- قیادت کی موثر پالیسیوں، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے تنظیمی اور قانونی اقدامات سمیت ملت جعفریہ کے بھرپور احتجاج کی بدولت تکفیریوں کی تمام سازشیں ناکام ہو گئیں – جعفریہ پریس کے ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے ملت جعفریہ کی مرکزی قیادت سے رابطہ کیا اور پنڈی سمیت صوبہ بھر میں تمام تر جلوس چہلم سید الشھداء (ع) کے حوالے سے فول پروف سیکورٹی انتظامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ حضرات اطمینان سے چہلم امام حسین کے جلوس نکالیں انتظامیہ کی ذمہ داری ہے تمام جلوسوں کی حفاظت کرے ۔ اس طرح مرکزی قیادت کی خاموش حکمت عملی عوام کو امتحان میں ڈالے بغیر رنگ لے آئی-