رابطہ عالم اسلامی کے زیرِ اہتمام “مسلم معاشروں میں بچیوں کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع” کے موضوع پر ایک دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس کا افتتاح وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کیا۔
کانفرنس میں مختلف اسلامی ممالک کے نمائندگان، علماء، اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ شیعہ علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی اور خطاب کیا۔
کانفرنس کا مقصد مسلم معاشروں میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے درپیش چیلنجز کا جائزہ لینا اور ان کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔ اس موقع پر مختلف سیشنز اور ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے تاکہ خواتین کی تعلیم سے متعلق غلط تصورات کا ازالہ کیا جا سکے اور ایک جامع حکمت عملی تیار کی جا سکے۔
علامہ شبیر حسن میثمی نے اپنے خطاب میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو موجودہ دور کی مشکلات کے حل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی حیات امت مسلمہ کے لیے ہر دور میں رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
کانفرنس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام میں خواتین کو تعلیم کا حق مردوں کے برابر حاصل ہے اور اس سلسلے میں مسلم معاشروں کو مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خواتین کو درپیش تعلیمی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔