جعفریہ پریس – جے ایس او پاکستان کے قائم مقام مرکزی صدر عبداللہ رضا نے اسلام آباد کچہری میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ناک کے نیچے پاکستان کے مرکزمیں اس طرح کے واقعہ کا دن دیہاڑے ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست میں حکومتی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔
دہشت گرد جب چاہتے ہیں اپنا ہدف حاصل کر لیتے ہیں۔ریاست میں اس وقت کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔عام شہری سے لے کر ججز، وکلائ،افواج پاکستان،اسکول کے معصوم بچے غرض کوئی بھی اس دہشت گردی سے محفوظ نہیں ہے۔حکومت کو چاہیے کہ دہشت گردی کے خلاف کوئی ٹھوس اقدامات کرے تاکہ آئے روز دہشت گردی کے واقعات سے بچا جا سکے۔حکومتی اراکین دعوے پر دعوے کر رہے ہیں لیکن دہشت گردی کسی طور قابو میں نہیں آ رہی۔حکومتی ادارے بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔
قائم مقام صدر جے ایس او پاکستان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے اور پاکستان کے شہریوں کو امن کی نوید سنائے۔
ہم اسلام آباد کچہری کے واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔نیز خداوند متعال سے دعا گو ہیں کہ زخمی افراد کو جلد از جلد صحت کاملہ عطا فرمائے