جعفریہ پریس – سانحہ عاشور پنڈی کے مزید 48 شیعہ اسیر رہا کر دئے گئے، تفصیلات کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی خصوصی ہدایات پرملی پلیٹ فارم شیعہ علما کونسل کے زیراہتمام سانحہ عاشور پنڈی کے اسیران کی رہائی کے لئے محترم سید ذوالفقارعلی ایڈوکیٹ کی سرپرستی میں ایک وکلاء پینل بنایا گیا، جس کی جہد مسلسل سے گذشتہ دنوں 12 اسراء کو رہائی نصیب ہوئی اوراب گذشتہ روز وکیل سید ذوالفقارعلی کی درخواست ضمانت پر مزید 48 شیعہ اسیروں کی رہائی عمل میں لائی گئی ہے اس طرح وکلاء پینل نے اس وقت تک 60 اسیروں کو رہا کراچکا ہے جبکہ باقی ماندہ اسراء کی رہائی کے لئے کوششیں جاری ہیں- واضح رہے کہ اس سے قبل علامہ مظہر عباس علوی کی سربراہی میں شیعہ علما کونسل کے وفد نے رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی جس کے نتیجے میں شیعہ اسراء کو رہائی نصیب ہوئی تھی – جعفریہ پریس کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق رہائی کے موقع پراسیران اہل خانہ کی خوشی اور ملی پلیٹ فارم پر اعتماد دیدنی تھا، اس موقع پر اسیران نے بتایا ہے کہ ملی پلیٹ فارم اورمحترم سید ذوالفقارعلی ایڈوکیٹ کی کوشش سے ہمیں جہلم جیل اور پنڈی جیل میں بھی تمام تر سہولیات مہیا کی گئیں تھیں اورہماری رہائی بھی ان کی مرہون منت ہے۔ قیادت اور ملی پلیٹ فارم ہی تشیع کی امیدوں کا سائباں ہے، قیادت کی سیاسی، اجتماعی پالیسیوں کی جتنی تعریف کی جائے پھر بھی ہم حق ادا نہیں کر پائیں گے-