سانحہ چلاس میں ملو ث شرپسند عناصر کو کیفر و کردارتک پہنچایا جائے،ترجمان قائدملت جعفریہ
قائد ملت جعفریہ کا مسافر بس پر فائرنگ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار،واقعے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں
عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، مجرموں کی شناخت اور سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے ،مطالبہ
راولپنڈی /اسلام آباد 4دسمبر 2023ء ( جعفریہ پریس پاکستان )ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ گلگت چلاس میں ہوڈورکے مقام پر مسافر بس پر فائرنگ میں 9 قیمتی جانوں کے ضیاع اور 15سے زائد زخمی ہونے والے واقعے پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور شہید ہونے والے افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ مقامی انتظامیہ زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی امداد فراہم کرے، افسوسناک واقعے کی مکمل طور پر تحقیقات کرائی جائیں، اس میں ملوث شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور انہیں فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے، ترجمان قائد ملت جعفریہ کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں قومی شاہراہوں پر عام شہریوں کا محفوظ نہ ہونا انتہائی تشویشناک ہے، چلاس میں اس طرح شرپسندی کے اندوہناک واقعات ماضی میں بھی ہو چکے ہیں جن میں کئی معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے لیکن کسی قاتل کو سزا نہیں دی گئی لہذا عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے مجرموں کی شناخت اور سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے اور مسافروں کی آمد و رفت کو محفوظ بنانے کیلئے مستقل بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ۔