تازه خبریں

سعودی عرب کے شہر ابحا کی مسجد میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، قائد ملت جعفریہ

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقہ عسیر کے مرکزی شہر ابحا کی ایک مسجد میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں 17سعودی اسپیشل فورسز کے اہلکاروں کی شہادت پر دلی دکھ کا اظہارکرتے ہوئے اس گھناؤنے جرم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ سعودی حکومت سانحہ کی غیر جانبدار اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کرکے ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائے، ہم نے ہمیشہ دہشت گردی کی تدارک کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کیا، امہ کی فلاح اتحاد میں مضمر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقہ عسیر کے مرکزی شہر ابحا کی ایک مسجد میں ہونیوالے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے رد عمل میں کیا ۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ مسجد پر ہونیوالا دہشت گردی کا حملہ انتہائی دلخراش ،المناک ،لرزہ خیز اور افسوسناک واقعہ جس میں درجنوں معصوم و بے گناہ نمازیوں کی شہادت ہوئی ۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھاکہ دہشت گردو ں نے بے گناہ نمازیوں کو مسجد میں شہید کرکے انتہائی گھناؤ نے اور قبیح جرم کا ارتکاب کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ سعودی حکومت اس معاملے کی اعلیٰ سطحی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے اس سانحہ کے حقائق کو سامنے لائے گی اور اس میں ملوث دہشت گردوں کوکیفرکردار تک پہنچائیگی۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ نہ صرف دہشت گردی کی مذمت کی ہے بلکہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنا مثبت اور بھرپور کردار ادا کرکے اس کے حصہ دار رہے ہیں او ر ہمارا یہ کردار تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا ۔ انہوں نے باور کرایا کہ مسلم امہ کی فلاح اتحاد میں مضمر ہے اور اس کیلئے اپنی کاوشیں پہلے کی طرح اب بھی بروئے کار لاتے رہیں گے۔