جعفریہ پریس – سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی بلدیاتی انتخابات میں توسیع کی اپیل منظور کرلی، تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے استدعا کی تهی کہ بلدیاتی انتخابات میں التواء کی اجازت دی جائے۔
سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کا نیا شیڈول منظور کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومتیں مل کر بلدیاتی انتخابات کی تاریخیں طے کریں، عدالت اپنی کوئی آبزرویشن نہیں دے گی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کیس کی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کی بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کیلئے درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ریمارکس دیے ہیں کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے ، الیکشن کمیشن بال کبھی سپریم کورٹ اور کبھی صوبوں کی کورٹ میں پھینکتا ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ سندھ ، پنجاب اور بلوچستان کی درخواست پر تاریخیں مقرر ہوئیں، ہمارا فرض صرف آئین کا نفاذ کرنا ہے، بدقسمتی کی بات ہے ہر کوئی آئین کے نفاذ میں تاخیر کر رہا ہے۔ ڈی جی الیکشن کمیشن کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھا گیا تھا جس میں پنجاب میں 30 جنوری ، سندھ میں 18 جنوری جبکہ خیبر پختون خوا میں فروری میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں شیڈول کے مطابق 7 دسمبر کو انتخابات کرائے جا رہے ہیں –
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سندھ اور پنجاب کا پرانا شیڈول منسوخ کر دیا، تاہم پنجاب اور سندھ میں کاغذات نامزدگی کی وصولی کا کام جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔ تاہم کاغذات نامزدگی کی وصولی کا کام جاری رہے گا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کے مطابق سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ دیکھ کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور عدالتی فیصلے کے مطابق ہی بلدیاتی انتخابات کا عمل آگے بڑھے گا۔ شیڈول میں تبدیلی کی صورت میں جمع کرائے جانے والے کاغذات نامزدگی قابل قبول ہوں گے۔
واضح رہے کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے بهی منگل کے روز محرم الحرام میں بلدیاتی انتخابات کرانے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی تهی۔ جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔ اسلامی تحریک کی دائر کرده رٹ میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول ایام محرم الحرام میں ہے جبک ملک کی ایک بہت بڑی کمیونٹی عزادری میں مصروف ہے، جو موجودہ صورتحال میں الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتی دوسری جانب سکیورٹی ادارے بھی ایام عزاء میں مصروف ہیں لہٰذا عوام کو اس کے حق سے محروم نہ کیا جائے اور بلدیاتی انتخابات ٢٠ صفر چہلم امام حسین (ع) تک ملتوی کئے جائیں۔