جعفریہ پریس – قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کی قربانیاں لائق تحسین ہیں ، پوری قوم ارض پاک کے دفاع کیلئے متحد ہے ، مسائل کے حل کیلئے بھی اتحاد کا علم تھامنا ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہداء کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ پاک فوج نے جس طرح ارض وطن کے دفاع کیلئے اپنی قربانیاں دیں وہ لائق تحسین ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ جس قوم میں شہادت کا جذبہ پنپ رہاہو اور مادر وطن کیلئے جوش چھلکتا ہو اس کا دفاع ناقابل تسخیر بن جاتا ہے اور شہداء کے خون نے دفاع وطن کو مزید مضبوط کردیاہے۔
قائد ملت جعفریہ نے مزید کہاکہ اس وقت ملک بے شمار مسائل کا شکار ہے، بے روزگاری، غربت، امن و امان کی بدترصورتحال اورتوانائی بحران جیسے مسائل کا سامنا ہے جبکہ پاک سرزمین کے خلاف طرح طرح کی سازشوں کے بھی جال بنے جارہے ہیں، ایسے حالات میں انتہائی برد باری ، تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور متحد ہوکر ان مسائل کا سامنا کرنا ہوگا ۔