جعفریہ پریس- شہید اعتزاز حسن کے چہلم جو کہ اس کے آبائی گاؤں ابراہیم زائی ہنگو میں منعقد کیا گیا سے شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہید اعتزاز حسن کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے سیکڑوں طالبعلموں کی جان بچائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید اعتزاز حسن نے اپنی جان دے کر حکمرانوں کو بتایا کہ شیعہ قوم ملک میں امن وامان و استحکام کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور اس کے لیے اگر ہمیں جانیں بھی قربان کرنی پڑیں تو پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ علامہ رمضان توقیر نے کہا کہ شہید اعتزاز حسن نے پاکستان کے استحکام کیلئے شہادت دی ہے اگر حکومت نے دہشت گردوں سے پاکستان کے آئین سے ہٹ کراور شیعہ حقوق کا خیال کئے بغیر مذاکرات کیے تو ہماری قوم کا ہر بچہ شہید اعتزاز حسن بن کر میدان میں ہو گا۔ اور اس طرح کے مذاکرات کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے پاکستان کے آئین و دستور کے مطابق اور شیعہ حقوق کا خیال کرتے ہوئے مذاکرات کرتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ۔آخر میں شہید کے بلندی درجات کیلئے دعا کی اور بنگش قوم کو مبارکباد دی کہ ان کی قوم کے بیٹے نے پاکستان کیلئے شہادت دے کرملت کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اس موقع پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی اورصوبائی نائب صدر سید ظہور بخاری نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور خطاب کیا۔