تازه خبریں

شیعہ علماء کونسل پاکستان کا دو مختلف دردناک اور المناک سانحات کے خلاف قائد ملت جعفریہ پاکستان کے حکم پر تین روزہ سوگ اور ملک گیر احتجاج کا اعلان

جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے دو مختلف دردناک اور المناک سانحات جن میں سانحہ تفتا ن بارڈراور سانحہ ایئرپورٹ کراچی شامل ہیں کے خلاف قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر تین روزہ سوگ اور ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں حکومت کی رٹ ختم ہوچکی ہے اور دہشتگرد آزاد نہ طور پر کاروائیاں کررہے ہیں اور وہ جہاں چاہتے ہیں جب چاہتے ہیں دہشتگردی کرتے ہیں ، لیکن حکومت کی جانب سے اس مسئلہ پر کوئی سنجیدگی نظر نہیں آرہی ۔
علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ اگر حکومت کراچی کا آپریشن کو مربوط حکمت عملی کے تحت سرانجام دیا جاتا اور دہشتگردوں کے نیٹ ورک پر آہنی ہاتھ ڈالا جاتا تو یہ رسوائی نہ ہوتی ۔ عوام ریاستی و سیکورٹی اداروں سے سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ اتنے عرصہ سے کراچی میں جو آپریشن جاری ہے اسمیں کتنی کامیابی ملی؟ انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا جاتا اس وقت تک ملک میں قیام امن و استحکام کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا، دہشت گرد سرعام دندناتے پھر رہے ہیں،اس ملک میں بے یار ومددگار مسافروں سمیت کسی کی جان محفوظ نہیں ہے۔کوئٹہ (تفتان بارڈر) اور کراچی ائر پورٹ پر ہو نے والے دہشت گردی کے حملے کے بعد کی صورتحال پر تشویش کا اظہار اور واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت اپنی رٹ قائم نہیں کرئے گی تو اس وقت تک اس قسم کے واقعات ہوتے رہیں گے جب تک دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا جاتا۔ہم حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گرد وں ،انتہا پسندوں اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے ۔اس موقع پر انہوں نے سانحہ تفتان بارڈر اور کراچی ائر پورٹ پر دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے زائر ین اور سیکورٹی اہلکاروں کے لواحقین سے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پوری ملت ان کے غم میں برابر کی شریک ہیں اور
حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔