تازه خبریں

شیعہ علماء کونسل پاکستان کی کال پرسانحہ مستونگ کوئٹہ سمیت ملک بھر میں ہونیوالی دہشت گردی کے خلاف ملک بھر میں پُر امن احتجاجی مظاہرے

جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر ملک بھر کے تمام صوبوں،شمالی علاقہ جات سمیت تمام بڑے،چھوٹے شہروں میں سانحہ مستونگ کوئٹہ ،سانحہ آرے بازار ،سانحہ ہنگو ،پشاور ،کراچی اور دیگر شہروں میں شدت پسندوں کی جانب سے کی جانیوالی دہشتگردی ،ٹارگٹ کلنگ،خود کش حملوں اور فرقہ وارانہ دہشت گردی کے خلاف پُرامن احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ 24گھنٹوں کے الٹی میٹم دئیے جانے کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے اعلیٰ سطحی وفد نے وزیر داخلہ پاکستان کی سربراہی میں کوئٹہ جاکر ہزارہ برادری سے مذاکرات کرنے او ر اس کے بعد ہزارہ برادری کی جانب سے مطالبات کی یقین دہانی کے بعداپنے شہیدوں کی میتیں دفنانے کے اعلان کرنے پرہم ان کے ساتھ ہیں اور ان کی جانب سے کئے گئے تمام فیصلوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہم ہزارہ برادی کو یقین دلاتے ہیں کہ قائد محترم حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور تمام بزرگ علما کرام ہزارہ برادی کی اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں اور ان کی جانب سے کئے گئے تمام فیصلوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں،اور شیعہ علماء کونسل پاکستان پورے ملک کو جام کرنے کا فیصلہ قومی انٹرسٹ میں واپس لیتی ہے۔ اس لئے کہ ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اور حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے جلد از جلد شدت پسندوں کے خلاف جو اس وقت وطن عزیزکے دشمن ہیں اس ملک میں رہنے والی کروڑوں عوام کے دشمن ہیں جنہوں نے اسلام کا لبادہ اوڑ ھ رکھا ہے جن کا اسلام سے کسی بھی قسم کا کوئی تعلق بھی نہیں انہوں نے اس وطن عزیز کا سکون تباہ برباد کر کے رکھا ہواہے حتیٰ کہ شہریوں کے ساتھ ساتھ اس وقت خود سیکورٹی فورسزبھی محفوظ نہیں ان افراد کے خلاف موجودہ حالات میں سخت کاروائی ناگذیر ہوچکی ہے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ اس وقت ملک خانہ جنگی کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ہم حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ دہشت گردوں اور شدت پسندوں کے نیٹ ورک پر آہنی ہاتھ ڈالا جائے ،اور ہم حکومت کو پیغام دیناچاہتے ہیں کہ اسے ہماری بزدلی یا کمزوری نہ سمجھی جائے اس لئے کہ ملک اس وقت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکاہے۔ یہ ملک ہم نے بنایا ہے اور اس ملک کی حفاظت کرنا بھی بخوبی جانتے ہیں ۔اور قائد ملت جعفریہ پاکستان کے ہر حکم کے منتظر ہیں ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ لہذٰا ہمار ا حکو مت سے مطالبہ ہے کہ شدت پسندوں اور دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف اعلان جنگ بلند کرتے ہوئے آپریشن شروع کیا جائے۔