جعفریہ پریس – خانہ خدا کی خدمت نہ صرف صدقہ جاریہ ہے بلکہ بلاشبہ سامان آخرت بھی ہے۔ کار خیر میں اپنا حصہ ڈالنا ہرکسی کا نصیب نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ اپنا کام جس سے چاہے خود راہیں ہموار کر دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع پشاورکے صدر آخونزادہ مجاہد علی اکبر نے پشاور کے نواحی مو ضع و ڈپگہ شریف میں زیر تعمیر مسجد امامیہ کے مقا م پرشریک شرکاء سے کیا۔اس موقع پر علاقے کے زعماء وعمائدین کے ساتھ باہمی گفتگو میں علاقے میں مومنین کے مسائل پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ضلعی صدر آخونزادہ مجاہد اکبر نے اس موقع پر امامیہ مسجد کی تعمیر کیلئے سید زوار علی شاہ نقوی کو شیعہ علماء کونسل ضلع پشاورکی جانب سے 100بوری سیمنٹ کا عطیہ بھی پیش کیا ۔ضلعی صدر کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل ضلع پشاور کا ایک اعلیٰ سطحی وفد خاص طور پر سیمنٹ سے بھرا ٹرک لیکر موضع وڈپگہ شریف پہنچے ۔
وفد کے شرکاء میں صوبائی جنرل کونسل کے رکن پروفیسر ملازم حسین، ضلعی جنرل سیکرٹری عرفان علی میر،سینئر نائب صدر سید مہر علی شاہ،نائب صدر رضوان حسنین انصاری، سیکرٹری مالیات احمد علی جعفری،یونٹ صدر سید مرتضیٰ شاہ جعفری،سید یوسف علی شاہ جعفری،جعفررضا اور سید ماجد علی شامل تھے،وفد نے زیر تعمیر مسجد کا دورہ کیا ۔
اور اہل علاقہ کو مسجد کی تعمیر کی مکمل تکمیل تک اپنی خدمات کا پیش کرنے کا وعدہ کیا۔وقف مسجد امامیہ وڈپگہ شریف کے منتظم سید زوار علی شاہ نقوی نے شیعہ علماء کونسل پشاور کے صدرآخونزادہ مجاہد علی اکبر اور ان کے وفد کا 100بوری سیمنٹ کے عطیہ پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔اور مکتب اہلبیتؑ کی ترویج و تبلیغ کیلئے مسجد امامیہ وڈپگہ کے علاقے کے مومنین کیلئے غنیمت قرار دیتے ہوئے تعاون کی اپیل کی۔