تازه خبریں

شیعہ علما کونسل ضلع لاہور کے صدر کا ایک وفد کے ہمراہ ضلع بھر میں تنظیمی دورہ جاری ، ہم سب قائد ملت جعفریہ کے حکم پر لبیک کہنے کیلئے تیار ہیں

جعفریہ پریس (لاہور) شیعہ علما کونسل ضلع لاہور کے صدر علامہ حسن رضاقمی نے ایک وفد کے ساتھ شیعہ علما کونسل ضلع لاہور کے نائب صدر حکیم عاشق علی بھٹی،سید عون رضازیدی کی دعوت پر رائیونڈ کا دورہ کیا اور مومنین سے ملاقاتیں کرکے قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام پہنچایا ۔ وفد میں مولانا ناصر عباس ناصری سمیت مولاناشبیر ترابی،علی عمران علوی، محبوب علی رضوی ، آصف علی زیدی شامل تھے ۔ اس کے بعدشیعہ علما کونسل ضلع لاہور کے صدر نے جامعہ مسجد اثنا عشری کے خطیب مولانا محمد جواد نجفی سے ملاقات کی ۔مولانا جواد نجفی نے کہا کہ میں نے اور میرے والد بزرگ نے  دیگر محسنین ملت کی طرح اس مشن کی خاطر جیلیں کاٹی ہیں اور مختلف صعبوتوں اور دشواریوں کو ملت کے حقوق کے تحفظ کی خاطر برداشت کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے قومی پلیٹ فارم کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے ، چاہے گذشتہ قائدین کا ادوار ہو چاہے موجودہ قائد محترم کا دور ۔ ہمارااگر کوئی قائد ہے تو وہ علامہ سید ساجد علی نقوی ہے ۔ پوری قوم اور علماء کی طرح ہم بھی ان کے ساتھ ہیں اور رہیں گے اور بس ان کے حکم کامنتظر ہیں اور ان کے ہر حکم پر لبیک کہنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔ اس ملاقات کی آخر میں ضلع لاہور کے صدر نے اپنے میزبانوںکے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
اس کے بعد علامہ حسن رضاقمی نے شاہدرہ ٹاون کا دورہ کرتے ہوئے علامہ ارشاد روحانی سے ملاقات کی اور ان کو بھی  قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام پھنچایا۔ نیز علامہ حن قمی نے اپنے اس دورے میں شیعہ علما کونسل عباس نگر کے صدر سید اعجاز علی شیرازی، نائب صدر سید اسلم شیرازی ،اور شعبہ خواتین کی نائب صدر اورمسجد کے خطیب علامہ شبیر ترابی سے ملاقات بھی کی۔