جعفریہ پریس – قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد نقوی لورز کونسل کے چیئرمین سردار وسیم عباس خان اور سیکرٹری آئی اے راجپوت نےعلامہ سبطین سبزواری کو شیعہ علما کونسل پنجاب کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ قائد ملت جعفریہ کے افکار کی روشنی میں تنظیم کو فعال بنائیں گے اور خصوصاً نوجوانوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ قائد ملت علامہ ساجد نقوی لورز کونسل کی مجلس مشاورت سے خطاب کرتے ہوئے سردار وسیم خان نے کہا کہ شیعہ علما کونسل مفتی جعفر حسین مرحوم اور شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے اثاثے تحریک جعفریہ کا تسلسل ہے جس پر ریاستی جبر کے توازن فارمولے کے تحت پابندی عائد کر دی گئی مگرقائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنی فقہی اور سیاسی بصیرت سے اسے پروان چڑھایا اور مشکل وقت میں بھی ملت جعفریہ کو متحد رکھا اور نفاق پیدا کرنے والے ناکام ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کا اتحاد ہی ترقی اور ملت اسلامیہ کے عروج کی نوید لائے گا، ہمیں اپنے فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر وسیع تر قومی دھارے کے بارے میں فکر کرنا ہو گی۔ سردار وسیم خان نے کہا کہ قائد محترم کی صلح پسند پالیسیوں کے باعث تکفیری دہشت گرد گروہ تنہائی کا شکار ہے اور آج یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ سوائے دہشت گردوں کے کوئی علامہ ساجد نقوی کے اتحاد بین المسلمین ایجنڈے کا مخالف نہیں۔ انہوں نے سابق صدر شیعہ علما کونسل پنجاب علامہ مظہرعباس علوی کی تین سالہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیمی کام کو صفر سے شروع کر کے مضبوط تنظیمی ڈھانچہ کھڑا کرنے کا سہرا ان کے سر ہے۔