جعفریہ پریس – ملک بھر کی طرح قائد ملت جعفریہ پاکستان کی کال پر سانحہ شکارپور کے خلاف شیعہ علماء کونسل، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور جعفریہ یوتھ کے زیراہتمام چوک نواں ملتان شہر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت شیعہ علماء کونسل ملتان کے صدرعلامہ مجاہد عباس گردیزی، جنرل سیکرٹری سید علی قاسم نقوی، صوبائی رہنما بشارت عباس قریشی، انجمن تحفظ عزاداری کے رہنما مہر مزین عباس چاون، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی رہنما حیدر عباس انقلابی، ڈویژنل صدر ذیشان حیدر شمسی، سابقہ ڈویژنل صدر ذیشان حیدر نے کی۔ مظاہرے میں سماجی کارکن سید محمد علی رضوی، بین المذاہب امن کمیٹی کے رہنما ابوبکر نقشبندی اور دیگر شامل تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے شیعہ علماء کونسل کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سانحہ شکارپور حکومتی نااہلی اور اور ملک دشمن پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ اگر گزشتہ سانحات پر کارروائی کی جاتی تو یہ سانحہ رونما نہ ہوتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضرب عضب آپریشن کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ملک بھر میں دہشت گرد عناصر کا تعاقب کیا جائے، اور دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکانے کا عمل بھی تیز کیا جائے، مظاہرین نے شہداء کے خانوادوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔