جعفریہ پریس – جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان راولپنڈی ڈویژن کا اجلاس عمومی راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ اجلاس عمومی میں مرکزی صدر وفا عباس نے شرکت کی۔ اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن کے نئے میر کاروان کے لئے انتخابات ہوئے، جس میں عبداللہ رضا نے کثرت رائے سے کامیابی حاصل کی۔ اس موقع پر مرکزی صدر وفا عباس نے ان سے نئے میر کارواں کے لئے حلف لیا۔ اجلاس عمومی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ جے ایس او نمائندہ ولی فقیہ قائد ملت حعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی سرپرستی میں کام کرنے والی واحد نمائندہ جماعت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے اور ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ کے آخری مرحلہ میں داخل ہوچکے ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جراتمندانہ قیادت میں افواج پاکستان دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کر رہی ہے اور یہ خوش آئند اقدام ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب ڈویژنل صدر عبداللہ رضا کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ہم راولپنڈی میں جے ایس او پاکستان کو ایک مضبوط اور مستحکم طور پر طلباء تنظیم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم طلباء کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ ہماری نظر میں چند اہم امور ہیں جن میں راولپنڈی ڈویژن میں موجود تمام یونیورسٹیوں کا ایڈمشن شیڈول اور دیگر اہم چیزیں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بہت جلد یونٹ صدور کی میٹنگ بلا کر اپنے ایک سال کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔