تازه خبریں

عزاداری سید الشہدا میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، حکومت جلوس و مجالس ہائے عزا کے لئے سیکورٹی انتظامات کو فول پروف بنائے،علامہ اسد اقبال زیدی قمی

جعفریہ پریس۔  شہید دیدارحسین جلبانی کے سوئم کی مناسبت سے شہید کے آبائی شہرٹھری میرواہ خیرپورمیرس میں پروگرام منعقد کیا گیا۔ سوئم کے پروگرام میں ضلع بھرسے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے اراکین وعہدیداران سمیت جے ایس اواورجعفریہ یوتھ کے تنظیمی کارکنان اورمومنین  نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
جعفریہ پریس کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شہید دیدارکے سوئم میں مقامی علماء کرام نے خطاب کیا جبکہ مرکزی خطاب شیعہ علماء کونسل کے علامہ اسدعلی شراورضلعی صدرشیعہ علماء کونسل علامہ سید اسد اقبال زیدی قمی نے کیا۔
مقرین نے شہید دیدار جلبانی کی المناک شہادت پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک اورمعاشرے میں جزا وسزا کا عمل ختم کردیا جائے تواس معاشرے میں دہشت گردی ہی پروان چڑھتی ہے ،آج وطن عزیزدہشت گردی کی لپیٹ میں ہے جس میں علماء کرام اورمذہبی رہنماؤں سے لے کرججز،صحافی اوربے یارومددگارمزدوراورمسافرعدم تحفظ کا شکارہیں۔
اس موقع پرشیعہ علماء کونسل خیرپورکے ضلعی صدرعلامہ سید اسد اقبال زیدی قمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردجہاں چاہتے ہیں اپنی کاروائی کرگذرتے ہیں مگران کو روکنے والا کوئی نظر نہیں آتا ایسا لگتا ہے ملک کودہشت گردوں کے حوالے کردیا گیا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ شہر قائد جو کہ ملک کا معاشی حب ہے اس کی انتہائی ناگفتہ بہ حالت بنا دی گئی ہے، ایک ایک دن میں درجن سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے اور قاتل سرعام فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں جبکہ کراچی سے خیبر اور گلگت بلتستان سے کوئٹہ تک پورا ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے اور انسانی حقوق کی ایسے دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں جس کی مثال نہیں ملتی۔
شیعہ علماء کونسل خیرپورکے ضلعی صدرنے کہا کہ اس وقت سانحہ پنڈی کی آڑمیں بلا جواز نوجوانوں کو گرفتار، تشدد، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جارہا ہے اورجلوس ہاے عزا اورعید میلاد النبی پر پابندیوں کی باتیں کروائی جا رہی ہیں جبکہ عزاداری سید الشہدا صدیوں سے جاری ہے اور تاقیامت جاری رہے گی اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ عزاداری سید الشہدا کا سلسلہ جاری ہے اور چہلم سید الشہدا کی آمد آمد ہے حکومت آئینی ، مذہبی و شہری آزادیوں کو سلب کرنے سے گریز کرتے ہوئے جلوس و مجالس ہائے عزا کے لئے سیکورٹی انتظامات کو فول پروف بنائے۔