قائد ملت جعفریہ پاکستان اورملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی سینئرنائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ وطن عزیز کی تشکیل و تعمیر اور سالمیت و دفاع میں دیگر مکاتب فکر کے شانہ بشانہ شیعہ عوام نے بھی علماء و اکابرین کی قیادت میں صبر آزما جدوجہد اور لازوال قربانیاں پیش کیں جن میں علامہ سید محمد دہلوی مرحوم کی جدوجہد اور کاوشیں نمایاں حیثیت کی حامل ہیں یہی وجہ ہے کہ آج بھی ان کی گرانقدر خدمات ناقابل فراموش ہیں۔دور حاضر میں بھی پاکستان کے شیعہ عوام بدترین دہشت گردی کا نشانہ بننے کے باوجود ملکی سلامتی اور قومی وحدت کی خاطر صبر و تحمل سے کام لے رہے مگر ذمہ داران صورتحال کی سنگینی کا ادراک نہیں کرپا رہے۔
قائد اول علامہ سید محمد دہلوی کی برسی کے موقع پرعلامہ ساجد نقوی نے کہا کہ سید محمد دہلوی مرحوم برصغیر کے خطیب اعظم اور بلند پایہ عالم دین اور بے بدل قائد تھے جنہوں نے پرامن سیاسی اور جمہوری طرز احتجاج کی داغ بیل ڈالی اور اپنے مطالبات کو منطقی انداز میں پیش کیا اور پیرانہ سالی کے باوجود ملت کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ اس مشکل دور میں کم وسائل کے باوجود مسلسل اور انتھک محنت سے قوم کو شعور اور اتحاد کی نعمت کا احساس دلایا
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ علامہ سید محمد دہلوی ؒ ‘ علامہ مفتی جعفر حسین ؒ اور علامہ عارف الحسینی شہید ؒ کی قیادت میں جو ملی و قومی حقوق کے دفاع اور تحفظ کی خاطر جو کارواں چلا تھا وہ آج بھی رواں دواں ہے اور ہم ان قائدین کی فکر سے الہام حاصل کرتے ہوئے باوجود بے شمار مسائل و مشکلات کے‘ نہ صرف ملی و قومی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے بلکہ ملک میں اتحاد و وحدت کے فروغ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ترویج کے لئے ہمہ وقت مشغول ہیں