قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی کایونان کشتی و کلرکہار مسافر بس حادثہ پر اظہار افسوس
سانحات کا رونما ہونا سسٹم کی خرابی ،متعلقہ ذمہ دار ان کو کا رکردگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے،قائد ملت جعفریہ
علامہ ساجد نقوی نے حادثات میں جاں بحق افرادکے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی
راولپنڈی /اسلام آباد18جون 2023 ء ( جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے یونان کشتی حادثہ اور کلر کہار مسافر بس حادثہ میں ہونیوالے جانی نقصانا ت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ان سانحات کا رونما ہونا سسٹم کی خرابی ،متعلقہ ذمہ دار ان کو کا رکردگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک میں پڑھے لکھے نوجوانوں کا کوئی مستقبل نہیں اور نہ ہی بے روز گاری کے خاتمے کیلئے کوئی منصوبہ بندی کی گئی ۔ملک میں سیاسی و معاشی عدم استحکام نے ملکی معیشت تباہ کر دی ہے۔ نوجوان ملک میں اپنا مستقل غیر محفوظ پاتے ہوئے اپنے بہتر مستقبل کیلئے بیرون ملک جانے کیلئے مختلف ذرائع استعمال کر تے ہیں اور ایجنٹوں کے چنگل میں پھنس جاتے ہیںیہ سب ظالمانہ سسٹم کانتیجہ ہے ۔علامہ ساجد نقوی نے مزیدکہاکہ ان سانحات کو روکنے کیلئے انسانی سمگلنگ میںملوث افراد کیخلا ف کارروائی کی جائے اور ایسی پالیسی و نظام وضع کی جائے کہ نوجوان تعلیم حاصل کرنے کے بعد ملک میں ہی باوقار زندگی گزار سکیں۔ آخر میں علامہ ساجد نقوی نے کلر کہار مسافر بس حادثے پر گہر ے رنج کا اظہا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو محفوظ ترین سفر کو یقینی بنانے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ،علامہ ساجد نقوی نے حادثات میں جاں بحق افرادکے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔