قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں یوم القدس منایا گیا
شیعہ علماءکونسل اور جے ایس اوپاکستان اور شہریوں کی جانب سے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کیخلاف نماز جمعہ کے بعد ملک گیر احتجاجی مظاہرے
اسرائیل نے ظلم کی انتہاءکردی، یوم القدس فلسطینیوں اور بالعموم تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے، مرکزی القدس ریلی سے علامہ شبیر میثمی و دیگر علماءکا خطاب
اسلام آباد/راولپنڈی14اپریل 2023ء ( جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کی اپیل پر شیعہ علماءکونسل پاکستان ، جعفریہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن پاکستان سمیت دیگر مذہبی تنظیموں اور شہریوں نے چاروںصوبوں پنجاب ،سندھ ،بلوچستان ، خیبر پختونخوا ، کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم القدس منایا ۔ شیعہ علماءکونسل پاکستان اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کیخلاف ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں ، سیمینار و دیگر پروگرامزکا انعقاد کیا گیاجس میں علماءکرام، شیعہ علماءکونسل اور جے ایس او کے مرکزی ، صوبائی ، ڈویژنل ، ضلعی و تحصیل کی سطح کے عہدیداران ا ور کارکنان سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسلام آباد مرکزی القدس ریلی سے شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ،علامہ فرحت عباس جوادی، مولانا کوثر عباس قمی، مولانا غلام قاسم جعفری، مولانا سید وزیر حسین کاظمی، مولانا سید محسن عبا س نقوی، مولانا عبدالمجید، مولانا ملک لیاقت علی اعوان، مولانا سید زاہد حسین نقوی، مولانا غلام قنبر جعفری، مولانا رضا ءالحسن قمی، مولانا نسیم عباس شیرازی،مولانا عمران حیدری و دیگر علمائے کرام اورسید محمد علی کاظمی، حاجی انتصار حیدر، آصف جاوید مغل، سید رضی الحسن جعفری، جے ایس او پاکستان کے محمد اکبر میر اور شان مہدی و دیگر رہنما موجود تھے سمیت دیگر عہدیداران و علماکرام نے یوم القدس کی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسرائیل نے ظلم کی انتہاءکردی،ہم فلسطینیوں کی اخلاقی و انسانی حمایت جا ری رکھیں گے ۔بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی نے جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کرفلسطینیوں سے ا ظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی جو آج تک جاری ہے۔علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک دوغلے پن کا مظاہرہ بند کریں اور اسرائیلی جارحیت رکوائیں، اسلامی ممالک میں امن کے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔ انہوںنے کہا کہ یوم القدس فلسطینیوں بالعموم تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے،انہوںنے مزید کہاکہ ہم اپنے قائد علامہ سید ساجد علی نقوی کی اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ کشمیر کمیٹی کا دائرہ کار بڑھا کر کشمیر و فلسطین کمیٹی بنائی جائے اس لئے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیاتھا اور دوسری جانب مسلم ممالک بھی موثر کردار ادا نہیں کر رہے جو افسوس ناک امر اور اس سے بھی زیادہ تشویش ناک صورتحال یہ ہے کہ بعض اسلامی ممالک اسرائیل کے ناجائز تسلط اور غیر قانونی قبضہ کو تسلیم کرکے فلسطینیوں کے ساتھ بے وفائی کے مرتکب ہورہے ہیں اوراو آئی سی بھی اس ساری صورتحال میں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔یوم القدس کے موقع پر قراردادیں منظور کی گئیں جس میں کہا گیاکہعوام کا یہ نمائندہ اجتماع عالمی یوم القدس کے موقع پرقائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پرچاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے گوشے گوشے میں قبلہ اول کی آزادی کے لئے احتجاجی اجتماعات کے انعقاد کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ عوام کا یہ نمائندہ اجتماع قبلہ اول پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کرتا ہے اور اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتا ہے اور انہیں اپنے تعاون و حمایت کا بھرپور یقین دلاتا ہے۔یہ احتجاجی اجتماع ماہ صیام میںکئی روز سے جاری ظلم وتشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے جارح اسرائیل کی گذشتہ نصف صدی سے زائد جاری وحشیانہ مظالم پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتا ہے اورعالمی طاقتوں کو فلسطین کی جانب متوجہ کرتاہے۔یہ نمائندہ اجتماع عالمی سامراج کی جانب سے غاصب‘ غیر قانونی اور انتہاپسند صہیونی ریاست اسرائیل کی سرپرستی اورحمایت کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے اور سامراجی طاقتوں کو باور کراتا ہے کہ وہ عوامی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے جارح اسرائیل کی سرپرستی ترک کردیں ۔یہ اجتماع اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں مزید یہودی بستیوں کی تعمیر جیسے توسیع پسندانہ اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتاہے۔اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اوراوآئی سی جیسے عالمی اداروں سے مطالبہ کرتاہے کہ وہ اسرائیل کو مجبور کریں کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقے خالی کرتے ہوئے قبلہ اول کو آزاد کرے۔آج کا یہ اجتماع ملک کے طول و عرض میں ہونے والے دہشت گردی کے بڑے بڑے سانحات پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس امر پر افسوس کاا ظہارکرتاہے کہ تاحال ان سانحات کے حقائق منظر عام پر لائے گئے نہ ہی ان سانحات کے مرتکب ذمہ داروں اورقاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا۔آج کا یہ نمائندہ اجتماع پاکستان میںکمرتوڑ مہنگامی بالخصوص ماہ صیام میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر تشویش کا اظہارکرتا ہے ۔اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کرپشن،بے روزگاری ،ہوشربامہنگائی اوربالخصوص آٹے کے بحران پر قابو پاتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کےلئے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے ۔یہ نمائندہ عوامی اجتماع بل فوجداری قانون (ترمیمی)ایکٹ2021ءکومستردکرتاہے اورذمہ داران سے مطالبہ کرتاہے کہ نئے قوانین متعارف کرانے کی بجائے پہلے سے موجودقوانین کا نفاذ کیاجائے۔آج کا یہ نمائندہ اجتماع کسی ایک مکتب کاترجمان نصاب مستردکرتاہے اورحکومت وقت سے تمام مسالک کیلئے قابل قبول قومی نصاب کامطالبہ کرتاہے ۔یہ اجتماع ملک میں جاری معاشی وسیاسی عدم استحکام کوتشویش کی نگاہ سے دیکھتاہے اورتمام ا سٹیک ہولڈرزسے مذاکرات کے ذریعہ مسائل کے حل پرزوردیتا ہے۔ ۔آخر میںاس بات کا بھی عزم کیاگیا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے فرمان پر فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔