جعفریہ پریس – قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر ملک بھر کی طرح لیاقت باغ پریس کلب اولپنڈی کے سامنے تفتان بارڈر کے قریب پاکستانی زائرین اور کراچی ائر پورٹ پر ہونے والی دہشت گردی کے خلاف شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ میں علامہ عارف حسین واحدی مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان ،علامہ سید مشتاق حسین ہمدانی مرکزی سیکرٹری مالیات ،مولانا کاظم حسین نقوی ،مولانا سید محسود الحسین کاظمی،مولا نا سید سجاد حسین ہمدانی ،مولانا فرحت عباس ہمدانی، مولانا فرحت عباس جوادی،ڈویژنل سیکرٹری سید محمودعلی نقوی ،ضلعی جنرل سیکرٹری سید نزاکت حسین نقوی سمیت شیعہ علماء کونسل ،جعفریہ یوتھ اور جے ایس او کے عہدیداران و کارکنان موجود تھے۔اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا جاتا اس وقت تک ملک میں قیام امن و استحکام کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا، دہشت گرد سرعام دندناتے پھر رہے ہیں،اس ملک میں بے یار ومددگار مسافروں سمیت کسی کی جان محفوظ نہیں ہے۔
کوئٹہ (تفتان بارڈر) اور کراچی ائر پورٹ پر ہو نے والے دہشت گردی کے حملے کے بعد کی صورتحال پر تشویش کا اظہار اور واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بارہا مرتبہ مطالبہ کیاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں مگر صرف طفل تسلیوں اور بلند و بانگ دعوئوں کا سہارا لے کر عوام کو بے وقوف بنایا جاتا رہا افسوس کہ آج تک جتنے بڑے سانحات رونما ہوئے ہیں مگر قوم کو ان حقائق سے آگاہ نہیں کیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں علمائ، ڈاکٹرز، انجینئرز، ججز،وکلائ، صحافی، اقلیتی برادری اور بے یارو مددگار مسافروں سمیت کسی کی جان محفوظ نہیں ہے مساجد و امام بارگاہوں سے لے کر اعلیٰ سرکاری اداروں تک کو دہشت گردی کی کارروائیوں سے تحفظ حاصل نہیں ہے ۔ ملک میں آئین و قانون کی عملداری ختم ہوچکی ہے، آئے روز قوانین بنائے جاتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آتا۔ اگر معاشرے میں سزا و جزا کے عمل کو رائج کیا جاتا تو آج کافی حد تک مسائل حل ہوچکے ہوئے مگر افسوس اس حوالے سے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایاگیا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا جاتا، اس کے سرپرستوں کو بے نقاب کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک میں امن و استحکام کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔اس موقع پر انہوںنے سانحہ تفتان بارڈر اور کراچی ائر پورٹ پر دہشت گردوں کے ہاتھوںشہید ہونیوالے زائر ین اور سیکورٹی اہلکاروں کے لواحقین سے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پوری ملت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔