جعفریہ پریس – دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان مشہد مقدس کے زیر اہتتام میں طلاب مشہد کی قائد ملّت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے ایک صمیمی نشست رکھی گئی جس میں مشہد مقدس کے کثیر تعداد طلاب نے شرکت کی – اس موقع پر طلاب کرام نے اپنی مشکلات پیش کیں ، قائد ملت جعفریہ پاکستان نے بھی نہایت دلچسپی سے تمام طلاب کی مشکلات کو سنا اور ذمہ داران دفتر کو خصوصی ہدایت کی کہ جلد از جلد تمام طلاب کی مشکلات کو حل کرنے کی کوششں کی جائے- اس موقع پر قائد ملّت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی اولین ترجیح تعلیم ہونی چائے – حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اس وقت ملک انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہے ایک جانب ملک کوسازشوں کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب اندرونی صورتحال انتہائی کشیدہ ہوچکی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ عوام کو انتہائی سنگین مشکلات کا سامنا ہے ۔ دہشت گردی‘ ٹارگٹ کلنگ‘ قتل و غارتگری اور بدامنی نے ملک کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں- ان حالات میں ریاست کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو جانی و مالی تحفظ فراہم کرے مگرعملاً ایسا نہیں ہو رہا ریاستی ادارے عوام کے جانی و مالی تحفظ میں ناکام دکھائی دیتے ہیں اور امن و امان کے ذمہ دار ادارے اپنے فرائض منصبی ادا کرنے میں تساہل سے کام لے رہے ہیں۔ ملک میں قانون نام کی چیز نہیں ہے ‘ آج جو صورت حال درپیش ہے اس کی بنیادی وجہ بھی آئین و قانون سے روگردانی ہے۔ اگر قانون پرعمل درآمد کیا جاتا تو آج اس طرح کی صورت حال درپیش نہ ہوتی –
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ملک جس گھمبیر اور سنگین صورت حال سے دوچار ہے ان حالات میں باہم متحد ہوکر اتحاد و وحدت کے ذریعہ امن و آشتی کو فروغ دیا جائے – ہم نے ملّی یکجہتی کونسل پلیٹ فارم سے ثالث اور ضامن بننے کا اعلان کیا تھا اورآج بھی اگر فریقین باہمی رضامندی سے متنازعہ اُمور میں فیصلہ کا اختیار تفویض کریں تو ملّی یکجہتی کونسل اس کے لئے بھر پور آمادہ ہے ۔
آخر میں قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات انسانوں کے لئے آزمائش ہوتی ہیں ، مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہ چھوڑا جائے – حکومت اور سماجی تنظیمیں ان کی بحالی کے لئے ٹھوس اور فوری اقدامات کریں نیز مستقبل میں اس قسم کے نقصانات سے بچنے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ کم سے کم نقصانات کا سامنا ہو۔ قائد ملت جعفریہ نے کہا کہ ہم تمام تر پاکستان کے شعبہ جات سے ربطے میں رہیں اور ہم نے سب سے پہلے سیلاب زدگان کی امدادی ریلیف شروع کردی ہے مختلف جگھوں پر کیمپ لگانا شروع کر دیئے ہیں اور جتنا ہوسکے ان کی مدد کی جائے گی –