تازه خبریں

محب وطن شہریوں کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے میدان میں اتریں،راولپنڈی دھماکہ آگ بھڑکانے کی سازش ہے ; وفا عباس ، مرکزی نائب صدر جے ایس او پاکستان

جعفریہ پریس – مرکزی نائب صدر جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان برادر وفا عباس نے سانحہ راولپنڈی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عاشورہ کے بعد ملک دشمن عناصر مسلسل اپنے ارادے اور منصوبے کے تحت کام کرتے آ رہے ہیں اور اب ملک کے حالا ت اس ڈگر پر لے جائے جارہے ہیں کہ وفادار اور محب وطن شہریوں کو اپنے دفاع پر مجبور کیا جائے ۔ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک کی فضاء کو خراب کیا جا رہا ہے اور ملک میں انارکی اور بد امنی پھیلا کر ملک کو ایک ناکام ریاست ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔یہ سارا کام کسی خاص گروہ کی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔عاشورہ میں سانحہ راولپنڈی کروا کر اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی بنیاد رکھی گئی اور اب پھر جلوس سے چند لمحے قبل ہی ایک دھماکہ کر کے راولپنڈی کے پر امن ماحول میں دوبارہ آگے اور خون کی ہولی کھیلنے کی ناکام سازش کی گئی۔
حکومت اپنے ادارے چلانے میں ناکام ہو چکی ہے اور سوائے بیانات دینے اور بڑی بڑی باتیں کرنے کے علاوہ حکومت اس وقت کچھ نہیں کر رہی ۔ہم راولپنڈی کے واقع کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور دہشت گردی کے اس معاملے کو جلد سے جلد حل کر کے پاکستان کے شہریوں کو پر امن ماحول فراہم کرے۔