تازه خبریں

مذاکرات کن سے ہو رہے ہیں،میں اور کچھ نہیں کہتا لیکن شیعوں کے اصل قاتل جن کے ہاتھوں سے بے گناہوں کا خون بہہ رہا ہے ان کے بارے میں خاموشی کیوں ہے، قائد ملت جعفریہ

جعفریہ پریس ۔ شہید حمید بھوجانی ہال سولجر بازار کراچی میں شیعہ علماء کونسل پاکستان (شعبہ خواتین) کراچی ڈویژن کے زیراہتمام بسلسلہ ولادت باسعادت خاتون جنت جگر گوشہ رسول حضرت بی بی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا یوم خواتین کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تنظیمی کارکنان سمیت کثیر تعداد  میں خواہران نے  شرکت کی – جبکہ شیعہ علماء کونسل سندھ کے رہنماؤں نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا ، آخر میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی-
قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے یوم خواتین تقریب سے خصوصی ٹیلیفونک خطاب کیا – حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی بی فاطمہ زہرا (س) عالمین کی خواتین کی سردار ہیں، جس طرح جناب فاطمہ زہرا (س) نے اسلامی تہذیب کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا، ہمیں بھی ان کی پیروی کرتے ہوئے اپنے اپنے کردار و ذمہ داریوں کو انجام دینا چاہیئے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مزید کہا کہ آج ہمارا سب سے بڑا مسئلہ اسلامی تہذیب سے ناآشنائی اور دوری ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ آج دہشتگردی ہے، قتل عام ہے، بھوک و افلاس ہے، غربت ہے، مہنگائی و بیروزگاری یا اس جیسے دیگر اور مسائل ہیں، مگر میرے نزدیک آج سب سے بڑا مسئلہ غیر اسلامی تہذیب ہے، لہٰذا ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ غیر اسلامی تہذیب کا راستہ روکیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم قوم و ملت کیلئے فائدہ مند ہونی چاہئیے، نقصان دہ نہیں، تنظیم کو مسائل کے خاتمہ کا سبب بننا چاہئیے۔
قائد ملت جعفریہ نے کہا کہ جن لوگوں سے مذاکرات ہو رہے ہیں، جن لوگوں کا نام لیا جا رہا ہے کہ فلاں گروہ سے مذاکرات ہو رہے ہیں، میں اور کچھ نہیں کہتا، میں کہتا ہوں کہ ہونگے، وہ جو بھی ہونگے، لیکن جو اصل قاتل و مجرم ہیں شیعوں کے، جن کے ہاتھوں سے بے گناہوں کا خون بہہ رہا ہے، انہیں شیلٹر دیا جا رہا ہے، ان کے بارے میں خاموشی ہے، اور میں حیران ہوں کہ شیعہ کمیونٹی بھی ان کے بارے میں خاموش ہے۔ انہوں نے تحریک کے ذمہ داروں کو تاکید کے ساتھ کہا کہ وہ لوگوں کو بتائیں کہ آج تک ہم نے قومی و ملی مفادات کا کیسے تحفظ کیا ہے، تشیع کے حقوق کا پاکستان میں کیسے تحفظ کیا ہے۔ حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اپنے مقصد و ہدف کے حصول کی جدوجہد میں ہمہ وقت مصروف رہیں، انشاءاللہ دشمن کی تمام کوششیں ناکام ہونگی اور ہم کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جناب سیدہ زہرا (س) کی حیات طیبہ سے سبق حاصل کرنا چاہئیے، انکی سیرت و کردار کو سامنے رکھ کر اپنی جدوجہد کو دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق جاری رکھنا چاہئیے۔