تازه خبریں

مرکزی انجمن امامیہ اورشیعہ علماء کونسل گلگت کی قیادت میں عوامی ایکشن کمیٹی کا وفد جگلوٹ پہنچ گیا، 15 اپریل کوتاریخی دھرنا ہوگا

جعفریہ پریس – مرکزی انجمن امامیہ گلگت کے صدر فقیر شاہ اور شیعہ علماء کونسل ضلع گلگت کے صدر مولانا شیخ شہادت حسین ساجدی کی قیادت میں عوامی ایکشن کمیٹی کے وفد کا جگلوٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ شیعہ سنی رہنماؤں نے آپس کی دوریوں کو ختم کرنے کا عزم کا اظہار کیا۔ جگلوٹ سئی کے عمائدین نے عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام ممبران کو گلے لگایا اورعوامی حقوق کے لیے ہر قسم کے تعاون کا بھی بھرپور یقین دلایا۔ اس موقع پر صدر مرکزی انجمن امامیہ فقیر شاہ، شیعہ علماء کونسل ضلع گلگت کے صدر شیخ شہادت حسین اور دیگر عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے جگلوٹ سئی میں عوامی احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تک ہمیں آپس میں لڑا کر ایک دوسرے سے دور رکھا گیا۔ اور ہمارے حقوق غصب کئے گئے، اب گلگت بلتستان کی پوری قوم بیدار ہو چکی ہے۔ ہمیں حقوق لینے سے کوئی نہیں روک سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 اپریل کو گلگت بلتستان کی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج کر کے پوری دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ گلگت بلتستان کی قوم آپس میں متحد ہے اور اپنے حقوق کی جنگ لڑنے کے لیے بھی تیار ہے۔
اس موقع پر جگلوٹ کے عمائدین علاقہ بشمول ایڈووکیٹ ادیب، نمبردار جمشید، قاری جاوید نے کہا کہ جگلوٹ والوں نے ہمیشہ عوام کے مفاد میں اٹھنے والی ہر تحریک کا ساتھ دیا ہے۔ اب بھی پیچھے نہیں رہیں گے۔ عمائدین جگلوٹ سئی کی جانب سے عوامی ایکشن کمیٹی کو 15 اپریل کے احتجاج میں بھر پور ساتھ دینے کا یقین دلایا گیا۔ عمائدین نے کہا کہ اگرعوامی ایکشن کمیٹی کال دے تو شاہراہ قراقرم غیر معینہ مدت تک بند کر کے احتجاج کرنے کے لیے تیار ہیں۔ عوامی ایکشن کمیٹی نے امن اور عوامی حقوق کے لیے قابل تحسین قدم اٹھایا ہے۔