جعفریہ پریس – قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ حکومت طالبان مذاکرات کو جامع بنایا جائے، کیونکہ مذاکرات کیلئے گزشتہ فروری میں ایک میکنزم تیار کیاگیا تھا، قبائلی جرگہ پر مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی و مذہبی قیادت کا اتفاق رائے ہوا تھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد پہنچنے پر صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ ملک میں امن وامان کے قیام کیلئے اٹھائی جانے والی تمام کوششوں میں کردار ادا کیاہے اور آئندہ بھی استحکام پاکستان کیلئے اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائینگے ۔ حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ ملک مشکل اور نازک دور سے گزرہاہے اس لئے تمام سیاسی و مذہبی قیادت کو چاہیے کہ اس معاملے پر سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر اپنا کردار ادا کرے ۔ گزشتہ سال فروری میں اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں تمام قیادت نے ملک میں امن واستحکام کیلئے قبائلی جرگہ کو مینڈیٹ دیا تھا ہم سمجھتے ہیں اگر اس جانب توجہ دی جائے تو حالات بہتر ہوسکتے ہیں اور اگر موجودہ مذاکراتی کمیٹی اور جرگہ جوکہ ایک ہی مقصد کیلئے عمل میں لائے گئے ہیں اکٹھا کیا جا ئے یا ان میں قربت پیدا کی جائے تو اتفاق رائے قائم کیا جاسکتاہے۔
حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ اس سلسلے میں اگر ضرور ت پڑی تو کردار ادا کریں گے ۔ تاہم مذاکرات آئین و قانون کے دائرے کے اندر ہونے چاہیں۔