تازه خبریں

مومنین شہدائے کربلا کے جلوس اور مجالس ہائے عزاء مذہبی جذبے سے سرشار ہو کر منائیں؛ علامہ عارف حسین واحدی

جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ عزاداری سید الشہدا پر کوئی قدغن برداشت نہیں کی جائے گی، عوام مذہبی جذبے سے سر شار شہدائے کربلا کا چہلم منائیں، حکومت دہشت گردی کے تدارک کے لئے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائے، عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اسلام آباد پہنچنے پر علماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام عالی مقام نے اسلام کی سربلندی کے لئے اپنے خانوادے سمیت خدائے بزرگ و برتر کے حضور قربانی دی جبکہ حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا او ر حضرت امام زین العابدین علیہ السلام نے اس مشن کی تکمیل کرتے ہوئے کربلا سے شام اورشام سے مدینہ کاسفر طے کیا اور دنیا پر واضح کردیا کہ حق و سچ صرف اور صرف حضرت امام حسین علیہ السلام کے ساتھ ہے اور قیامت تک یزیدیت نابود ہو چکی ۔
انہوں نے اس موقع پر یہ بات زور دے کر کہی کہ مومنین شہدائے کربلا کے جلوس اور مجالس ہائے عزاء مذہبی جذبے سے سرشار ہو کر منائیں ۔انہوں نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکمرانوںپر واضح کر دیا ہے کہ عزاداری سید الشہدا پر کوئی قدغن برداشت نہیں کی جائے گی کیوں کہ یہ ہماری شہری آزادیوں کا مسئلہ ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو سکتا۔
علامہ عارف حسین واحدی کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے تدارک کیلئے قوانین موجود ہیں مگر ریاست ان پر عملدرآمد میں قاصر نظر
آرہی ہے حکومت کو چاہیے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے آئین و قانون پر عملدرآمد کرے کیونکہ یہ ریاست کے اولین فرائض میں سے سب اہم فرض ہے۔