جعفریہ پریس -کچھ حلقے میڈیا پرایک نئے ضابطہ اخلاق کی بنیاد پر قانون سازی کی باتیں کر رہے ہیں ہم اس ضابطہ اخلاق کو مسترد کرتے ہیں مجالس عزا کے انعقاد کے لیے انتظامیہ کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے لاؤڈسپیکر پر بھی پابندی لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا بلکہ منافرت انگیز تقریروں پر پابندی لگائی جائے- ان خیالات کا اظہارشیعہ علماء کونسل پاکستان پنجاب کے صوبائی صدرعلامہ مظہر عباس علوی نے لاہور پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی ضابطہ اخلاق کی بنیاد پر قانون سازی کی قطعاً ضرورت محسوس نہیں کرتے اگر ایسی کوشش کی گئی تو ہم شدت کے ساتھ اس کی مخالفت کریں گے ۔اس لیے کہ اس مقصد کے لیے پہلے سے قوانین موجود ہیں جن پر عمل کرنے کی ضرورت ہے پنجاب میں آئے روز ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہو رہے ہیں جن کا سلسلہ رک نہیں رہا ایسے واقعات ملک کی سا لمیت کے خلاف ایک سازش ہیں – علامہ مظہر عباس علوی نے کہا کہ ذاکر ناصر عباس ملتانی کا قتل بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ناصر عباس کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کیا جائے اورانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔
شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صوبائی صدر نے کہا کہ ملک اس وقت بحرانوں میں گھرا ہوا ہے اور سب سے بڑا بحران یہ ہے کہ آئین و قانون پر عمل نہیں ہو رہا ،مجرموں کو سزائیں نہیں دی جا رہیں ،شرپسندوں کے خلاف قانونی کا روائی نہیں ہو رہی ،سزائے موت کے قرآنی قانون کو معطل کر دیا گیا ہے ،مسلمانوں کے خلاف تکفیری نعرے لگانے والوں کے خلاف کوئی کاروئی نہیں ہو رہی جس سے ملک میں خانہ جنگی کا خطرہ بڑھ چکا ہے ۔دوسرے مسلک کو کافر کہنے والوں کے خلاف 295/A کے تحت مقدمات درج کیے جائیں تاکہ کوئی دوسرے کو کافر کہنے کی جرات نہ کر سکے۔
شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صوبائی صدرعلامہ مظہر عباس علوی نے کہا کہ ملک بھر میں چہلم امام حسین ؑ عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ، راولپنڈی میں چہلم امام حسینؑ کا جلوس 150 سال سے جس روٹ سے نکالا جا رہا ہے اس کو کسی صورت تبدیل نہیں کیا جا سکتا اورچہلم امام حسینؑ کا یہ جلوس اپنے روایتی روٹ پر باوقار طریقے سے نکالا جائے گا ، سانحہ راولپنڈی میں بے گناہ افراد کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور تشدد کرکے اپنی مرضی کے بیانات لیے جا رہے ہیں – انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بے گناہ افراد کو فوراً رہا کیا جا ئے اور سانحہ کا سبب بننے والے شرپسندوں کو گرفتار کیا جائے ۔شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صوبائی صدر نے کہا کہ عاشورہ محرم کے موقع پر چشتیاں ضلع بہاولنگر میں مسجد و امام بارگاہ جلا دیئے گئے ،لوگوں کی املاک اور گھر جلا دیئے گئے جبکہ شرپسند دندناتے پھر رہے ہیں ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی اس کے برعکس نذ ر آتش کیے جانے وا لے غازی میڈیسن کے مالک یونس بٹ اور مولانا ارشاد حسین شمسی صاحب کو ناجائز گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے-
شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صوبائی صدر نے کہا کہ ہم حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ متاثرہ عوام کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور بے گناہ گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے-
لاہور پریس کلب میں منعقدہ نیوز کانفرنس میں حافظ کاظم رضا نقوی ( سینئر نائب صدر شیعہ علماء کونسل پنجاب ) مولانا علی مہدی کاظمی (رہنما شیعہ علماء کونسل ) مولانا اعجاز حسین مہدی ( ڈویژنل صدر فیصل آباد) محبوب علی رضوی (جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل ضلع لاہور )علی عمران علوی ( میڈیا کوآرڈینیٹر) مولانا سجاد حسین (ادارہ منہاج الحسین) علامہ حسن مہدی ( حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر) سید ماجد علی کاظمی ( لیگل ایڈوائز )آصف زیدی (انچارج حیدریہ سکاؤٹ پاکستان ) شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صوبائی صدرعلامہ مظہر عباس علوی کے ہمراہ تھے-