قائد ملت جعفریہ پاکستان نے بھی خود مختار خارجہ پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے، شیعہ علماء کونسل پاکستان
اسلام آباد05 اگست 2016 ء ( جعفریہ پریس)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے وفاقی وزیر داخلہ کے سارک وزرائے داخلہ میں موقف کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ مضبوط موقف سے ہی مسئلہ کشمیر پر عالمی توجہ حاصل کی جاسکتی ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی اسی جانب توجہ مبذول کرائی ہے کہ خود مختار ملک کی حیثیت سے خارجہ پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونیوالی سارک وزرائے داخلہ کانفرنس میں بھارتی وزیر داخلہ کو بھرپور جواب دینے پر وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے موقف کو سراہا ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر داخلہ نے مضبوط موقف اپنا کر خود مختار قوم کی بھرپور انداز میں ترجمانی کی ہے جو لائق تحسین ہے۔ علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی اسی جانب توجہ مبذول کرائی تھی کہ ہمیں خود مختار ملک کی حیثیت سے خارجہ پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے ، ہمسائیوں کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات استوار کرنے چاہئیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں مسائل کا حل مذاکرات میں ہی مضمر ہے بھارت کے ساتھ بامعنی مذاکرات وقت کی ضرورت ہے لیکن مسئلہ کشمیر کو اولین حیثیت حاصل ہونی چاہیے کیونکہ دونوں ممالک میں سب سے بڑا اور جنوبی ایشیا کے امن کے حوالے سے مسئلہ کشمیر کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہاکہ امت مسلمہ کے تمام مسائل میں مسئلہ کشمیر و فلسطین کو اولیت حاصل ہے ، ان مسائل کے حل کے بعد پائیدار امن کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوسکتاہے۔ علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنا موقف عالمی سطح پر اسی طرح مضبوط انداز میں پیش کرنا ہوگا تبھی ہماری جانب دنیا متوجہ ہوگی ۔حالیہ چند دنوں میں بھارتی ظلم وجبر انتہاء کو پہنچ گیا ، ساٹھ سے زائد افراد شہید کردیئے گئے ، حقوق بشیریت کی تنظیمیں آج کیوں خاموش ہیں ، کشمیر سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں بہتا ہوا خون مسلم کیوں انہیں نظر نہیں آتا ، امہ کو اپنے مسائل کے حل کیلئے اتحاد کی اشد ضرورت ہے ۔