وطن عزیز کا یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
وطن عزیز کا یوم آزادی آج بھرپور ملی جوش و جذبے سےمنایا جا رہا ہے۔ پوری قوم اس عزم کی تجدید کرے گی کہ پاک سر زمین کی ترقی، خوشحالی ، سلامتی، استحکام اوروقار کے لئےتن ،من، دھن قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔ قریہ قریہ ،نگر نگرقومی پرچموں کی بہارہے اورملک کے کونے کونے کو سبز ہلالی رنگوں سے سجا دیا گیا ہے۔ سرکاری اور نجی عمارتوں کو سبز اور سفید رنگ کی روشنیوں سے مزین کردیاگیا ہے۔ دن کےآغاز پر وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی، خوشحالی، یک جہتی اور امن کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔یوم آزادی پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقادہوگا۔جشن آزادی کے موقع پر بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں بھی خصوصی تقریبات کاانعقاد کیاجا ر ہا ہے۔